Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

سینیٹ افسر کی جانب سے یورپ میں سیاسی پناہ کی درخواست کے بعد سفری پالیسی میں تبدیلی

ویزا کے اجرا اور سرکاری سفر کے لیے نئی ہدایات کی منظوری نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دی۔
شائع 15 اگست 2024 03:36pm

سینیٹ میں تعینات ایک افسر کی جانب سے یورپ کے سرکاری دورے کے دوران سیاسی پناہ کی درخواست دینے کا معاملہ سامنے آنے پر پاکستانی وزارت خارجہ ویزا کے اجرا اور سرکاری سفر کے لیے نئی ہدایات جاری کردیں۔

نئی پالیسی میں کہا گیا کہ سفارتی یا سرکاری پاسپورٹ کی سرکاری درخواستیں قومی اسمبلی یا سینیٹ سیکرٹریٹ سے آنی چاہئیں۔ مزید برآں نجی دوروں پر اہلکاروں کے ساتھ آنے والے خاندان کے افراد کو اب تعارفی خطوط موصول نہیں ہوں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نئی سفارشات منظور کرلی ہیں جس کے مطابق ایک باضابطہ حلف نامے جمع کرانا ضروری ہوگا جس میں متعلقہ اہلکار بیان دے گا کہ وہ یا ان کے خاندان کے افراد اپنے سفر کے دوران کسی بھی ملک میں سیاسی پناہ نہیں لیں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ سیکریٹریٹ کے جوائنٹ سیکریٹری حیدر علی سندرانی کو مارچ 2024 میں جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 148ویں اسمبلی میں شرکت کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ سندرانی نے نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے گھروالوں کے لیے بھی سرکاری دستاویزات کی درخواست کی تھی۔

تاہم بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ ان کا خاندان پاکستان واپس نہیں آیا اور اس کے بجائے سیاسی پناہ کی درخواست دے دی جس سے قومی تشخص کا ٹھیس پہنچی اور دیگر اہلکاروں کے لیے ویزا کے طریقہ کار کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

senate

Senate of Pakistan