Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فائیوور کے پاکستانی فری لانسر کو ’عدم دستیاب‘ کرنے کی حقیقت کیا ہے؟

فائیور کے آفیشل کمیونٹی گروپس پر اس مسئلے سے متعلق کوئی حالیہ اطلاعات یا اپ ڈیٹس پوسٹ نہیں کی گئی ہیں
شائع 15 اگست 2024 11:28am
فوٹو۔۔ فائل
فوٹو۔۔ فائل

پاکستان میں انٹرنیٹ سروس کی فراہم میں تعطل یا انٹر نیٹ کی سست رفتار کے باعث پاکستان اور بھارت میں آن لائن کام کرنے والے فری لانسر کے لیے یکساں مقبول پلیٹ فارم ’فائیور‘ پر ایک پوسٹ نے سب کی توجہ حاصل کرلی جو اب سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے۔

سوشل میڈیا پر فائیور کی ویب سائٹ کا حوالہ دے کر ایک پوسٹ وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ’پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش کے بعد فائیور کے پاکستانی فری لانسرز کو اپنا پلیٹ فارم فراہم نہیں کررہا۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر جائزہ لینے سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ گردش کرنے والی خبریں نئی ​​نہیں ہیں بلکہ 11 مئی 2023 کو رپورٹ ہونے والے ایک ​​واقعے سے پیدا ہوئی ہیں۔ فائیور کے آفیشل کمیونٹی گروپس پر اس مسئلے سے متعلق کوئی حالیہ اطلاعات یا اپ ڈیٹس پوسٹ نہیں کی گئی ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ موجودہ خبر کا پھیلاؤ بے بنیاد ہے۔

یہ نوٹ پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کیا گیا اور متعدد انفلوئنسرز نے بھی اسے شیئر کیا ہے۔

اس حوالے سے فائیور پر کام کرنے والے متعدد فری لانسرز نے بتایا کہ ’یہ نوٹ دراصل گزشتہ ایک سال کے دوران کئی بار فائیور کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش کے دوران پوسٹ کیا گیا ہے لیکن ایسا اس مرتبہ نہیں کیا گیا اور انٹرنیٹ پر گردش کرنے والا انتباہی نوٹ پرانا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش کا معاملہ نیا نہیں ہے اکثر سکیورٹی وجوہات کے باعث کیا جاتا رہا ہے، نویں اور دسویں محرم کو انٹرنیٹ بند ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں سیاسی نوعیت کے معاملے میں بھی ایسا دیکھنے میں آیا ہے مثلاً گزشتہ برس نو مئی کے دوران جب عمران خان کو گرفتار کیا گیا تھا تو اس کے بعد ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران بھی انٹرنیٹ پاکستان کے مخلتف علاقوں میں بند رہا تھا۔

علاوہ ازیں فائیور کی کمیونٹی میں گزشتہ روز کی پوسٹ دراصل کمیونٹی ممبر کی پوسٹ ہے ۔ جس میں واضح کیا گیا کہ 31 اگست کو پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق مطلع کیا گیا اور اس ضمن میں ضروری اقدامات کی گئے تاکہ ریٹنگ یا غیر ضروری تاخیر نہ ہوں۔

کمیونٹی ممبر نے واضح کیا کہ یکم اگست کو ہم نے واضح کیا کہ فائیور پر تمام پاکستانی فری لانسر کے لیے سروس دستیاب ہے۔

خیال رہے کہ کاروباری برادری کی جانب سے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں نے الزام لگایا کہ انٹرنیٹ ٹریفک کی نگرانی کے لیے حکومت کی تیز ترین کوششوں کے نتیجے میں ملک بھر میں سروسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش یا سست رفتار کے باعث حکومت کو بھی بڑا نقصان ہوگا۔ ان کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دو روز قبل پاکستان میں سوشل میڈیا فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور دیگر سماجی روابط کے پلیٹ فارم پر سیفٹی فائر وال کا دوسرا اور ممکنہ طور پر آخری کامیاب تجربہ مکمل کیا گیا اور اس کے بارے میں وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے حکام نے چپ سادھ لی ہے۔

Pakistan Internet

slow internet in Pakistan

Pakistan's Internet Down

Internet slow in Pakistan