Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سوشل میڈیا کے ذریعے تشدد پر اکسانے والوں کیلئے معافی نہیں ہونی چاہیئے، وزیر داخلہ

وزیرداخلہ کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور کریمنلز مقدمات میں قانونی معاونت پر بات چیت
شائع 13 اگست 2024 02:26pm

وزیرداخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہم منصب یوویٹ کوپر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور کریمنلز مقدمات میں قانونی معاونت پر بات چیت کی گئی، وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے تشدد پراکسانے والوں کے لیے معافی نہیں ہونی چاہیئے، عوام کو پرتشدد واقعات پر اکسانے والے قابل مذمت ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دورہ لندن کے دوران برطانوی وزیر داخلہ یوویٹ کوپر سے ملاقات ہوئی، لندن میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور کریمنلز مقدمات میں قانونی معاونت پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور غیر قانونی امیگرنٹس کے سدباب کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستانی پولیس افسران کی برطانیہ میں ٹریننگ کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر یوویٹ کوپر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ خوشی ہو گی کہ پاکستانی پولیس افسران باقاعدہ برطانیہ میں ٹریننگ حاصل کریں، اس ضمن میں برطانیہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کار بڑھانا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اور ترقی پذیر ممالک کو اس حوالے سے مشترکہ اقدامات اٹھانے چاہئیں، برطانیہ کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ، کریمینلز مقدمات میں لیگل معاونت اور غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے تشدد پر اکسانے والوں کے لیے کوئی معافی نہیں ہونی چاہیئے، عوام کو پر تشدد واقعات پر اکسانے والے قابل مذمت ہیں۔

برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہم منصب یوویٹ کوپر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

لندن میں ہونے والی ملاقات میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور برطانوی وزارت داخلہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Interior Minister

اسلام آباد

mohsin naqvi

uk interior minister

yvette cooper

vioation