Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آئین پاکستان کی روشنی میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے مساوی حقوق یقینی بنارہے ہیں، وزیراعظم

اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں، مریم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، محسن نقوی
اپ ڈیٹ 11 اگست 2024 01:58pm

وزیراعظم شہبازشریف نے اقلیتوں کے قومی دن پر ملکی ترقی وخوشحالی میں اقلیتیوں کے شاندار کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے حکومت آئین پاکستان کی روشنی میں تمام اقلیتی برادریوں کے لئے مساوی حقوق یقینی بنا رہی ہے جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ”اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“۔

وزیراعظم شہباز شریف

اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سرکاری سطح پراقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہاریکجہتی اور ان کی ریاست پاکستان کے لئے خدمات کا اعتراف ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا اور قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پورحصہ ڈال رہی ہے، پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کے لیے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے، حکومت آئین پاکستان کی روشنی میں تمام اقلیتی برادریوں کے لیے مساوی حقوق یقینی بنا رہی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقلیتی برادری بلا امتیاز ملکی ترقی کے لئے کردار ادا کرتے رہے گی، اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری دین اسلام کی تعلیمات میں اہم حیثیت رکھتی ہے، حکومت مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کی پاسداری کے لئے اپنی جد وجہد جاری رکھے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی

اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر اپنے پیغام میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہمارا دین اورآئین اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک روا رکھنے کا درس دیتا ہے، ہمارے نبی کریم ﷺ اورقائد اعظم ؒ نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی تلقین کی۔

قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابل فراموش ہے، پاک فوج

وزیر داخلہ نے کہا کہ اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردارہے، تمام اقلیتی برادریوں کو ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت امتیازی سلوک کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے، آج کے دن ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مزید موثر انداز میں عملی اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

اقلیتوں کے دن کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ”اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“، منیارٹی سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے ہر بھائی اور بہن کو سلام، قائد اعظم نے ہر شہری کو اپنی عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد قرار دیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مساوت ، رواداری اور برداشت جمہوریت کی بہترین تعریف ہے، پاکستان میں مذہب ، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برا بر ہے، سب ایک ہی گلدستے کے خوش رنگ اور خوش نما پھول ہیں، پاکستان سب کا ہے اور سب کے لیے جنت ارضی کے مترادف ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم ؒ کے ویژن کے مطابق پنجاب میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کے تمام بھائی اور بہنوں کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی تقریر کے روڈ میپ میں اقلیتوں کو سر کا تاج قرار دیا، ایسٹر پر مریم آباد کے چرچ میں مسیحی برادری سے مل کر ایسٹر کا تہوار منایا گیا، 10ہزار مسیحی خاندانوں کو عیدی دی، وساکھی پر کرتار پور جا کر گندم کاٹی اور سنگت کا لنگر کھایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کو دنیا بھر میں سکھ آنند کارج میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کا اعزاز ہے، ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لاز پر کام جاری ہے، جلد اسمبلی میں لائیں گے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ مینارٹیز گرانٹ کے لئے پنجاب میں 3 ارب 66 کروڑ روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا، محکمہ اقلیتی امور کا ترقیاتی بجٹ 4000 ملین اور اقلیتی ترقیاتی فنڈ 2500 ملین مقرر کیا گیا ہے، اقلیتی برادری کے 1100 طلبہ کو 30 ملین کے سکالرشپ دیے گئے ہیں، اقلیتی نوجوانوں کے لئے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ یقینی بنا جارہا ہے۔

فیصل آباد مسیحی سینٹری ورکر کی ہلاکت پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کے ہمراہ افسوس کے لیے گھر پہنچے، سی ایم آفس سمیت تمام سرکاری دفاتر میں متعدد مسیحی افسران اور اہلکارمحنت سے کام کررہے ہیں۔

Interior Minister

Maryam Nawaz

اسلام آباد

minorities

Maryam Nawaz Sharif

PM Shehbaz Sharif

mohsin naqvi

CM Punjab Maryam Nawaz

Minority Days

minority communities