Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے، صدر

اقلیتوں کے حقوق، ترقی اور بااختیار بنانے کے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بلاول بھٹو
اپ ڈیٹ 11 اگست 2024 07:04pm

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، پاکستان نے اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔

اقلیتوں کے دن کے موقع پر صدر صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں، اقلیتوں کے حقوق و مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائد اعظم کے 11 اگست 1947ء کے وعدے پر قائم رہیں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے، پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کے لیے نشستیں بھی مختص ہیں، غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کے لیے گرانٹس، اقلیتی برادریوں کے طلباء کو تعلیمی وظائف اور ان کی عبادت گاہوں کی مرمت، دیکھ بھال کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، ہر پاکستانی کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، اقلیتوں کو زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع فراہم کیے جارہے ہیں، اقلیتوں کے مستقبل کے لیے میری نیک تمنائیں اُن کے ساتھ ہیں، یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

بلاول بھٹو

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق، ترقی اور بااختیار بنانے کے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور بااختیار بنانے کیلئے پُرعزم ہیں، پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی ہے: 1973ء کا متفقہ آئین قائد عوام شہید بھٹو کی سیاسی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 1973 کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادیوں اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کے لیے ایک خواب دیکھتی تھیں، میری والدہ کا خواب تھا کہ تمام مذاہب کے لوگ باہمی ہم آہنگی اور عزت و وقار کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اقلیتوں کا دن قومی سطح پر منانے کی ابتدا صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں کی، اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد قومی زندگی میں اقلیتوں کے اہم کردار کو تسلیم کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد معاشرے میں رواداری و ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی تھا، ہمارے ملک کی تنوع ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شہری کو مساوی حقوق اور مواقع ملیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ تمام پاکستانی آج اقلیتوں کے قومی دن پر امتیاز اور عدم برداشت کے خلاف جنگ میں متحد ہو جائیں: آئیے! ہم انصاف، مساوات اور رواداری کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کی تعمیر کیلئے تجدید کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر ایک ایسا ملک بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد، مذہب یا نسل سے قطع نظر، ترقی کرے اور ہر فرد قوم کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔

Bilawal Bhutto

Asif Ali Zardari

اسلام آباد

Bilawal Bhutto Zardari

Asif Zardari

minorities

Pakistan People's Party (PPP)

President Asif Ali Zardari

Minority Days

minority communities