Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورین سفارت کار کے گھر ڈکیتی، اسلام آباد پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل برطرف

ہیڈکانسٹیبل طارق ودیگر اہلکاروں پرسونا سمیت قیمتی اشیا چوری اور گھر پر دھاوا بولنےکا الزام تھا۔
شائع 07 اگست 2024 10:10pm

کورین سفارت کار کے گھر ڈکیتی کے الزام میں اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کو برطرف کردیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق کورین سفارت کار کے گھر ڈکیتی کے ملزم ہیڈ کانسٹیبل محمد طارق کی برطرفی انکوائری کمیٹی کی سفارش پر ہوئی ہے۔ آئی جی آفس اسلام آباد نے ہیڈ کانسٹیبل کی برطرفی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

حکم نامے میں یہ بتایا گیا ہے کہ 2017 میں کورین سفارت کار کی مدعیت میں ہیڈکانسٹیبل طارق کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا،کورین سفارت کار کی جانب سے مقدمہ درج کرانے پر تحقیقات میں ملزم قصور وار پایا گیا۔

حکم نامے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل نے دوسرے اہلکاروں کے ساتھ مل کر 2 اکتوبر 2017 کو کورین سفارت کار کےگھر لوٹ مار کی تھی ، ہیڈ کانسٹیبل طارق ودیگر اہلکاروں پرسونا سمیت قیمتی اشیا چوری اور گھر پر دھاوا بولنےکا الزام تھا۔

2017 میں الزامات ثابت ہونے پر ہیڈ کانسٹیبل محمد طارق کو سروسز سے برطرف کردیا گیا تھا تاہم اسے فیڈرل سروسز ٹربیونل نے مناسب انکوائری نہ ہونے پر بحال کر دیا تھا اور سپریم کورٹ کے احکامات پر ہیڈ کانسٹیبل محمد طارق کے خلاف نئے سرے سے انکوائری کی گئی، انکوائری افسر نے ہیڈ کانسٹیبل محمد طارق و دیگر کے خلاف سخت کارروائی اور سزا کی سفارش کی ہے۔

South Korea

islamabad police