Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹوٹل پارکو پاکستان کے 50 فیصد حصص گنور گروپ نے خرید لئے

معاہدے کی شرائط اور تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں
شائع 06 اگست 2024 07:18pm

فرانس کی توانائی کمپنی ”ٹوٹل انرجیز“ نے ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ (ٹی پی پی ایل) میں اپنے 50 فیصد حصص معروف عالمی کموڈٹیز ٹریڈنگ کمپنی ”گنور گروپ“ کو فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ ٹرانزیکشن مارکیٹنگ اور خدمات میں ٹوٹل انرجیز کی ”منتخب حکمت عملی“ کی عکاسی کرتی ہے۔

واضح رہے کہ ٹی پی پی ایل پاکستان میں ٹوٹل انرجیز مارکیٹنگ اینڈ سروسز اور پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) کا 50/50 جوائنٹ وینچر ہے، جس میں 800 سے زائد سروس اسٹیشنز، فیول لاجسٹکس اور لبریکنٹس سرگرمیوں کا ریٹیل نیٹ ورک موجود ہے۔

ٹی پی پی ایل کا سٹوریج انفرااسٹرکچر 10 ڈپو پر مشتمل ہے جو اہم مقامات پر واقع ہیں، جیسے کیماڑی میں دو ، شکارپور میں ایک ، دولت پور میں ایک، محمود کوٹ میں ایک، ساہیوال میں ایک، موچکے میں دو، راولپنڈی میں ایک اور تارو جبہ میں ایک واقع ہے۔

ان ڈپوز میں پٹرول کی کل گنجائش 56 ہزار 199 میٹرک ٹن ، ڈیزل 47 ہزار 238 میٹرک ٹن، ایکسیلیم 5544 میٹرک ٹن اور ایس کے او 1244 میٹرک ٹن ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیا ادارہ موجودہ ”ٹوٹل پارکو“ برانڈ کے تحت اپنا ریٹیل کاروبار جاری رکھے گا اور ”ٹوٹل“ برانڈ کے تحت اس کا لبریکنٹس کا کاروبار پاکستان میں پانچ سال تک جاری رہے گا۔

ٹوٹل انرجیز ایک عالمی مربوط توانائی کمپنی ہے جو توانائی پیدا کرتی ہے اور مارکیٹ کرتی ہے، جس میں تیل اور حیاتیاتی ایندھن، قدرتی گیس اور سبز گیسیں، قابل تجدید توانائی شامل ہے۔

مارچ 2024 کے اختتام تک تین ماہ کے دوران کمپنی نے 5.1 بلین ڈالر کی ایڈجسٹڈ خالص آمدنی حاصل کی ہے۔

دریں اثنا، گنور کاروبار کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے انڈیپنڈنٹ کموڈیٹیز ٹریڈنگ ہاؤسز میں سے ایک ہے، جس نے صنعتی بنیادی ڈھانچے جیسے ریفائنریز، پائپ لائنوں، اسٹوریج اور ٹرمینلز میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی ہے، جو کہ بنیادی تجارتی سرگرمی کی تکمیل کرتے ہیں اور صارفین کے لئے عالمی سپلائی چین میں پائیدار قدر پیدا کرتے ہیں۔

یہ کمپنی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی ایک معروف انڈیپنڈنٹ عالمی تاجر بھی ہے۔

اس سے قبل مارچ میں گنور اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے اب تمام متعلقہ افراد کے لیے تسلی بخش شرائط پر تمام قانونی کارروائی طے کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فریقین مل کر کام جاری رکھنے کے خواہاں ہیں تاہم معاہدے کی شرائط اور تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں۔

Total Energies

Total PARCO

Gunvor Group