ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی
ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی کے واقعات رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ دو روز میں چھتیں گرنے اورمختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ سبی سے کوہلو جانے والی سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت لینڈ سلائیڈنگ کے سبب تیسرے روز بھی معطل ہے۔ سندھ کے کئی شہر برسات سے ڈوب گئے۔ کندھ کوٹ کے علاقے تنگوانی کی توج نہر میں سو فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے کھڑی فضلیں تباہ ہوگئی ہیں اور اپرچترال کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث اپرچترال کاملک کےدیگرحصوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ روڈ بندش سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں اپرچترال میں پیٹرول، ادویات اور اشیا خوردونوش کی کمی کا سامنا ہے۔ ادھر ضلعی انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ بند روڈ کوکھولنے کے لیے کام شروع کر دیا، روڈ کو ٹریفک کے لئے جلد کھول دیا جائے گا۔
دریائے سندھ گڈو بیراج پرپانی کی آمد2لاکھ19ہزار91کیوسک ریکارڈ
ادھر دریائے سندھ گڈو بیراج پرپانی کی آمد 2 لاکھ 19ہزار91 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ گڈو بیراج سے پانی کا اخراج 2 لاکھ 19ہزار91 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کے مطابق حالیہ بارشوں کے پیش نظر تمام کینال کو بند کر دیا گیا۔ گڈو بیراج کے مقام پر24 گھنٹے کے دوران 20 ہزارکیوسک پانی کا اضافہ ہوا ہے۔
سیالکوٹ:بینا گاؤں میں ڈیرے کی چھت گر گئی
سیالکوٹ کے بینا گاؤں میں ڈیرے کی چھت گر گئی۔ ملبےتلے دب کر تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت 32سالہ بلال، 40سالہ سعید، 35سالہ علی شیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
کندھ کوٹ میں توج نہر میں شگاف
کندھ کوٹ کے علاقے تنگوانی کی توج نہر میں ایک سو فٹ چوڑا شگاف پڑگیا جس کے باعث درجنوں ایکڑ پر چاولوں کی فصلیں ڈوب گئیں۔ پانی آبادی میں داخل ہوگیا جس کے باعث 200 سے زائد مکان زیر آب آگئے۔ علاقہ مکین نے کہا کہ عملہ غائب ہے اور انتظامیہ تاحال نہیں پہنچی۔
جھل مگسی: گاؤں ہتھیاری میں سیلابی ریلہ داخل
جھل مگسی میں شدید بارشوں کے بعد گاؤں ہتھیاری میں سیلابی ریلہ داخل ہوگیا ۔ گنداواہ راج کا گنڈہ ٹوٹ گیا، شہریوں کا مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان، بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز دو دن کے لیے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ شدید بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ہرنائی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، نصیر آباد، جعفر آباد، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، دادو، جامشورو، آواران، لسبیلہ، پنجگور، مری، گلیات، مانسہرہ، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گجرات اور کشمیر کے مقامی بر ساتی ندی نالوں اور میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، بہاولنگر، بہاولپور، راجن پور، رحیم یار خان، سکھر، کشمور، گھوٹکی، شکارپور اور خیرپور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ اس دوران خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
کراچی میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال، نظام درہم برہم
مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خوشاب، سرگودھا، لیہ بھکر، میانوالی، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، خانپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، راجن پور اور رحیم یار خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مہمند، خیبر، باجوڑ، چارسدہ، ہنگو، کرم، اورکزئی، وزیرستان، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
خضدار، لسبیلہ، آواران، بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، مستونگ، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، ہرنائی، لورالائی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ، زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، پسنی، اورماڑہ اور پنجگورمیں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، جھل مگسی اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، خیر پور، کشمور، قمبرشہداد کوٹ، دادو، گھوٹکی، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، میرپور خاص، سانگھڑ، عمرکوٹ، مٹیاری، نوشہرو فیروز، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، پڈعیدن، سجاول، کراچی اورحیدرآباد میں تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور خیرپور میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علا وہ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 2 دنوں میں بارشوں کے باعث کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے کہ کراچی ڈویژن میں 6 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں خیبرپختونخوا میں 11، سندھ، بلوچستان میں 2،2 افراد جاں بحق
دوسری جانب ملک بھر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران حادثات کے نتیجے میں 11 جانیں چلی گئیں جبکہ سندھ اور بلوچستان میں بھی 2،2 افراد جان سے گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی۔
خیبرپختونخوا کے شہر کرک کے لواغر برساتی نالے میں 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ٹانک میں چھت گرنے سے ماں بیٹا اور بیٹی دم توڑ گئے، اسی طرح جنوبی وزیرستان، مالاکنڈ، چترال اور چارسدہ میں بھی 4 جانیں چلی گئیں۔
سندھ کے شہر جامشورو میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈیرہ بگٹی میں بھی 2 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔
گجرات میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ باڑہ میں چھت بیٹھنے سے 4 بچھڑے اور 12 بکریاں ہلاک ہوگئیں۔
بلوچستان، اورخیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، مورو کے قریب قومی شاہراہ زیر آب آگئی، بھٹ شاہ کے قریب روہڑی کینال میں شگاف پڑگیا جبکہ ٹھل میں موسیٰ آلہ باد نہرنے بھی زرعی اراضی ڈبودی۔
کوہ سلیمان پر سیلابی صورتحال ہے، دریائے کابل کے بھی بپھرنے کا امکان ہے جبکہ اپر چترال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
سب سے زیادہ بارش شہید بےنظیرآبادمیں ایک سوسترہ ملی میٹرریکارڈکی گئی، بالاکوٹ 113، اسکرنڈ میں 112 اور چراٹ میں 105 ملی میٹر بارش ہوئی۔
دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب
ملک میں مون سون بارشوں کے بعد دریاؤں اور بیراجوں پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، جس کے بعد دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
بلوچستان کو کراچی سے ملانے والا راستہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا، آمدورفت معطل
تونسہ بیراج کے مقام پر آئندہ 48 گھنٹے میں 5 لاکھ کیوسک کے ریلے کے باعث اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت تونسہ بیراج سے نکلنے والی دو نہریں بند کردی گئیں۔
تونسہ پنج ند کینال میں 6 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے جبکہ مظفر گڑھ کینال میں بھی 2 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔
دریائے سندھ میں لیہ کے مقام پر بارشوں کے باعث پانی کی سطح بلند
دریائے سندھ میں لیہ کے مقام پر بارشوں کے باعث پانی کی سطح بلند ہونے لگی، پانی فصلوں اور آبادیوں میں داخل ہوگیا جبکہ کروڑ لعل عیسن، کوٹ سلطان سمیت دیگر نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
چشمہ بیراج سے نکلنے والا 3 لاکھ 67 ہزار کیوسک کا ریلا اگلے 2 روز میں 4 لاکھ کیوسک میں تبدیل ہونے کا امکان ہے ۔
ضلعی انتظامیہ نے علاقہ مکینوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے جبکہ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بھی نقل مکانی کررہے ہیں۔
Comments are closed on this story.