ملک کے کون کون سے شہروں میں مزید بارش ہوسکتی ہے
محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان سمیت ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
اسلام آباد سمیت ملک بھرمیں مون سون بارشوں کا ہیوی اسپیل جاری ہے، موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ،لاہور، فیصل آباد اور پشاور میں نشیبی علاقے زیرآب آنے اور لیند سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ ہوگی۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود ہے اور بارش کا امکان ہے، شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں 80 جبکہ رحیم یار خان میں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبرپختونخوا
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور کوہستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، مہنمد، صوابی، چارسدہ اور پشاور میں بھی کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش سے گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ملاکنڈ، دیر، سوات اور بونیر کے مقامی ندی نالوں میں بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، موسلادھار بارش سے صوبے کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں متاثر ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بالا کوٹ میں 41، مالم جبہ 2، کاکول میں 11، کالام 10 اور تیمرگرہ میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت بنوں میں 41 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ چترال میں 34، تحت بھائی 36، تیمرگرہ میں 35، دیر میں 32، پشاور میں زیادہ سے زیادہ 38 اور کم سے کم 27 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان
ادھر بلوچستان کے شمالی، شمالی مشرقی اور جنوبی اضلاع میں مون سون بارشوں کا مضبوط سسٹم موجود ہے جس کے سبب کوئٹہ سمیت صوبے کے 22 اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، بلوچستان میں بارشیں برسانے والا یہ سسٹم 6 اگست تک موجود ر ہے گا جس کے سبب خضدار، لسبیلہ، مکران، آواران، پنجگور، بارکھان، موسیٰ خیل، کوئٹہ، مستونگ، سبی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ، زیارت میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شیرانی، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بھی تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سیلابی ریلہ گھر میں داخل ہونے سے11 ہلاک، بارش نے 13 دیگر جانیں بھی لے لیں
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے خبر دار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کیاجائے، اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے اور عوام سے بھی اپیل کی ہے وہ احتیاط کریں تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں طغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں متاثر ہیں اور متعدد علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ، قلات میں 28 ژوب میں 27 ، زیارت میں 20، سبی میں 38، تربت میں 39، نوکنڈی میں 43، چمن میں 34، گوادر میں 32 اور جیونی 30 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments are closed on this story.