Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

بارودی مواد برآمدگی کیس: رؤف حسن کا جسمانی ریمانڈ منظور، سی ٹی ڈی کے حوالے

پراسیکیوٹر کی جانب سے ترجمان پی ٹی آئی کے 7 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی
اپ ڈیٹ 02 اگست 2024 08:34pm

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بارودی مواد برآمدگی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا، اے ٹی سی کے جج نےمحفوظ شدہ فیصلہ سنادیا۔

انسداد دہشت گری عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بارودی مواد کیس میں رؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق کیس پر سماعت کی۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا گیا۔ یاد رہے کہ رؤف حسن کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں بارودی مواد برآمدگی کا مقدمہ درج ہے۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے رؤف حسن کے خلاف مقدمے کا متن پڑھا اور پی ٹی آئی رہنما کے مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔

القادرٹرسٹ پراپرٹی میں فرح نے عمران اور بشریٰ بی بی کے بطور فرنٹ پرسن کام کیا، تفتیشی افسر

اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا چھاپے مارے گئے لیکن بدقسمتی سے مزید ملزمان تک رسائی فی الحال حاصل نہیں ہو سکی، ساتھی ملزمان کے نام معلوم کرنے ہیں، رؤف حسن کی کسٹڈی درکار ہے تاکہ ملزمان تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

وکیل صفائی علی بخاری نے اپنے دلائل میں کہا کہ رؤف حسن سے بارود کی برآمدگی نہیں ہوئی، سی ٹی ڈی نے ریڈ کیا، دو روز سے رؤف حسن کو کسٹڈی میں رکھا، پراسیکیوٹر سے پوچھیں رؤف حسن کا مقدمے میں کردار کیا ہے؟ رؤف حسن کو پیکا ایکٹ عدالت نے جیل بھیجا تو سی ٹی ڈی گرفتار کرنے پہنچی ہوئی تھی۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا رؤف حسن پر صرف ایما کی حد تک الزام ہے، برآمد تو کچھ نہیں ہوا، مدعی مقدمہ کا رؤف حسن کے خلاف بیان ہے تو سامنے لائیں، کئی ملزمان کو بیان کی روشنی میں 9 مئی مقدمات میں نامزد کر دیا گیا، حیران ہوں روف حسن کا ریمانڈ چاہیےکیوں؟سمجھ نہیں آرہی مجھے، اگر ریمانڈ نہیں بنتا تو کیس سے ڈسچارج کرنا چاہیے، ریمانڈ ہی دینا ضروری نہیں۔

علی بخاری کا کہنا تھا رؤف حسن کا تو اس مقدمے میں کوئی کردار ہی نہیں ہے، اگر عدالت کو لگےکہ پولیس نےکیس میں غلط گرفتار کیا تو مچلکوں پر بھی ڈسچارج کیا جا سکتا ہے۔

وکیل علی بخاری کا کہنا تھا رؤف حسن 10منٹ گراؤنڈ فلور پر کھڑے رہے، سیڑھیاں چڑھنے کے بھی قابل نہیں، دو دن دوا نہ کھائیں تو رؤف حسن ویسے ہی مرجائیں گے، جیل ڈاکٹر نے رؤف حسن کا معائنہ کرنے سے معذرت کرلی، پمز اسپتال لے جانا پڑا۔

اسی کے ساتھ وکیل علی بخاری نے روف حسن کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے دلائل مکمل کرلیے۔

بعد ازاں اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ رؤف حسن نے سہولت کاری کا کام کیا، پیسے دیے، رؤف حسن نے دہشت گردی کو فنانس کیا، رؤف حسن کے خلاف عام کیس نہیں، دہشت گردی کا کیس ہے، رؤف حسن نے قبول کیا کہ انہوں نے رقم دی، دہشت گردی کی رقم دینا معاونت میں آتا ہے۔

جج طاہر عباس سپرا نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ یہ آپ نے رپورٹ میں تو نہیں ڈالا، پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ یہ ابھی تفتیش کے بعد ایڈ کرنا ہے۔

جج طاہر عباس سپرا نے مزید دریافت کیا کہ گزشتہ دو روز میں کیا تفتیش کی ہے ؟ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ رؤف حسن نے خان نامی بندے کا بتایا تو ہم نے ترنول میں ریڈ کیا ہے، بندہ نہیں ملا، رؤف حسن کا میڈیکل کرانے میں وقت لگ جاتا ہے اور جب یہ کہتے بیمار ہوں تو ہم تفتیش نہیں کرسکتے، یہ ابھی ٹی ٹی پی سے تعلقات کا بتا دیں کہ کیسے ہوا، اس کے بعد بے شک جوڈیشل کردیں۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ اگر بینک اکاونٹس کی انفارمیشن چاہیے تو ابھی 10 منٹ دیتا ہوں آپ ابھی حاصل کرسکتے ہیں، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اس کے لیے بھی اجازت لینی ہوتی ہے اور اس کے لیے درخواست دیتے ہیں۔

اس پر علی بخاری نے کہا کہ پراسیکیوٹر صاحب کا شکریہ انہوں نے رؤف حسن کو دہشت گرد نہیں کہا، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ دہشت گردی کے لیے فنانسنگ تو کی ہے نا۔

بعد ازاں رہنما شعیب شاہین نے روسٹرم پر آکر کہا کہ سیاسی نوعیت کے کیس ہیں، رؤف حسن پر حملہ کرنے والے گرفتار نہیں ہوئے، رؤف حسن پر حملے کی سی سی ٹی وی بھی ہے، کہتے ہیں حملہ آوروں نے میک اپ کیا ہوا تھا، پہچانے نہیں جارہے تھے، رؤف حسن کو ڈیجیٹل دہشت گرد بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم سب بھی ڈیجیٹل دہشت گرد کھڑے ہیں۔

اسی کے ساتھ عدالت نے ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کے ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں عدالت نے روف حسن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

رؤف حسن کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کا حکم نامہ جاری

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا، انسداد دِہشت گردی عدالت کے جج طاہرعباس سِپرا نے حکمنامہ جاری کیا۔

حکم نامے کے مطابق عدالت نے رؤف حسن کے خلاف کیس کا ریکارڈ دیکھا ہے، رؤف حسن سے تفتیش ان کی خراب صحت کے باعث ممکن نہیں ہوسکی، رؤف حسن کا روزمرہ کی بنیاد پر طبی معائنہ پمز اسپتال میں کیا جاتا ہے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ تفتیش کے دوران شریکِ ملزمان کے مقدمہ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا، پولیس نے شریک ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے، ٹرانزیکشن ریکارڈ دیکھنے کے لیے تفتیشی افسر کو رؤف حسن کے بینک اکاؤنٹس درکار ہیں، رؤف حسن کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے، 3 اگست کو عدالت پیش کیا جائے، رؤف حسن کا روزانہ کی بنیاد پر پمز اسپتال سے طبی معائنہ کروایا جائے۔

یاد رہے کہ 31 جولائی کو غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما رؤف حسن کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا تھا۔

22 جولائی کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کر لیا تھا۔

رؤف حسن کی ضمانت منظوری کا حکم نامہ جاری

ادھر پیکا ایکٹ کے تحت درج کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کی ضمانت منظوری کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا، ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ نے 2 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ رؤف حسن و دیگر ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے بغیر عام نوعیت کے الزامات ہیں، پی ٹی آئی رہنما کے خلاف پراسیکیوشن کو ابھی الزامات ثابت کرنے اور ثبوت درکار ہیں۔

پیکا ایکٹ عدالت کا کہنا ہے کہ رؤف حسن کے خلاف کیس میں پراسیکیوشن کو مزید انکوائری کرنا درکار ہے، پی ٹی آئی رہنما کے خلاف کیس میں شریک ملزمان کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے، رؤف حسن و دیگر ملزمان کی ضمانت بھی منظور کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن و دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی تھی۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے رؤف حسن و دیگر کی 50،50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کی تھیں۔

ATC

اسلام آباد

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Rauf Hassan

rauf hassan arrest