Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سنگاپور میں بینظیر بھٹو کے نام سے پھول منسوب کردیا گیا

محترمہ بے نظیر بھٹو نے مارچ 1995 میں وزیراعظم کی حیثیت سے سنگاپور کا دورہ کیا تھا
اپ ڈیٹ 01 اگست 2024 09:47am

سنگاپور کی آرچڈ سفارتکاری کے تحت پاکستان کی سابق وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو کے نام سے پھول منسوب کردیا گیا،،معروف مصنف کوہ بک سنگ کی جانب سے لکھی گئی کتاب میں آرچڈ پھولوں کو سنگاپور کا دورہ کرنے والے عالمی رہنماؤں کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

مصنف کوہ بک سنگ کی کتاب کی رونمائی سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن کی جانب سے کی گئی۔ اپنی نوعیت کی پہلی کتاب میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے آرچڈ پھول کی“ڈنڈروبیم“ قسم کو محترمہ سے منسوب کیا گیا ہے۔

محترمہ بے نظیر بھٹو نے مارچ 1995 میں وزیراعظم کی حیثیت سے سنگاپور کا دورہ کیا تھا۔ زرد رنگ کے پھول کو سورج کی کرنوں اور پاکستانی ثقافت کی گرم جوشی اور مسرت کے جذبات سے جوڑا گیا ہے۔

کتاب میں سابقہ وزیرِ اعظم کیلئے سنگاپور کے چیمبر آف کامرس کی جانب سے دیے گئے ظہرانے اور سنگاپور میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے محترمہ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

کتاب میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ 2007 میں محترمہ کے قتل کے بعد اس وقت کے سنگاپور کے وزیراعظم لی سیین لون نے محترمہ کے شوہر اور موجودہ صدر آصف علی زرداری کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کے بے مثال جذبے اور عظیم قربانی کی وجہ سے عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر ووین بالا کرشنن نے کہا کہ آرچڈ سفارت کاری کی روایت 1956 سے شروع کی گئی۔ تب سے لے کر آج تک آر چڈ کی 280 مخلوط اقسام کو خیر سگالی کی علامت کے طور پر عالمی رہنماؤں اور تنظیموں سے منسوب کیے جا چکا ہے۔

پاکستان

benazir bhutto

SINGAPORE