Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

جائیداد کی فروخت پر گین ٹیکس کیسے عائد ہوگا، ایف بی آر کی وضاحت

ہولڈنگ پیریڈ کا تصور ختم، افراد اور اداروں کو ہر حال میں 15 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
شائع 31 جولائ 2024 04:06pm

حکومت نے غیر منقولہ املاک کے حوالے سے ہولڈنگ پیریڈ کا تصور ختم کردیا ہے۔ یکم جولائی 2024 یا اس کے بعد حاصل کی جانے والی غیر منقولہ جائیداد پر اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ اس سلسلے میں فائنانس ایکٹ مجریہ 2024 کو بروئے کار لایا گیا ہے۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ ایک انکم ٹیکس سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں غیر منقولہ املاک پر بڑھتی ہوئی یافت کے پیشِ نظر متعلقہ فرد فرسٹ شیڈول میں دی گئی شرح کے مطابق گین ٹیکس ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

فائنانس ایکٹ مجریہ 2024 سے قبل گین ٹیکس ہولڈنگ پیریڈ کی بنیاد پر زیادہ 15 فیصد کی شرح سے عائد کیا جاتا تھا جبکہ اوپن پلاٹس، اپارٹمنٹس یا انفرادی تعمیرات کا ہولڈنگ پیریڈ ایک سال سے کم ہو۔

ہولڈنگ پیریڈ زیادہ ہونے سے گین ٹیکس کی شرح کم ہوتی جاتی تھی۔ 6 سال سے زیادہ کے ہولڈنگ پیریڈ کے لیے شرح صفر اور تعمیرات پر 5 سال سے زیادہ کے ہولڈنگ پیریڈ پر گین ٹیکس کی شرح صفر قرار پاتی تھی۔ فلیٹوں کے لیے یہ معیاد دو سال سے زیادہ تھی۔

یکم جولائی 2024 کو یا اِس کے بعد غیر منقولہ املاک کی فروخت پر 15 فیصد کی شرح سے گین ٹیکس لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فرسٹ شیڈول کی متعلقہ دفعات کا اطلاق ہوگا۔

افراد اور تنظیموں یا اداروں کے لیے کسی بھی صورت میں گین ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے کم نہیں ہوگی۔ 30 جون 2024 یا اِس سے قبل حاصل کی گئی غیر منقولہ املاک پر فائنانس ایکٹ مجریہ 2024 سے پہلے کے طریقِ کار کا اطلاق ہوگا یعنی ہولڈنگ پیریڈ کی بنیاد پر وصولی کی جائے گی۔

FBR

immovable properties

GAIN TAX

INCOME TAX CIRCULAR