Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

فچ نے پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی ریٹنگ اپ گریڈ کردی

عام طور پر عالمی ریٹنگ ایجنسی ٹرپل سی پلس یا اس سے نیچے کی درجہ بندی والے خودمختاروں کو آؤٹ لک تفویض نہیں کرتا۔
شائع 29 جولائ 2024 04:11pm

عالمی ریٹنگ ایجنسی ”فِچ“ نے پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی ریٹنگ ایشور ڈیفالٹ ریٹنگ (آئی ڈی آر) سے اپ گریڈ کرکے ٹرپل سی سے ٹرپل سی پلس کر دی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریٹنگ ایجنسی فِچ کے حکام کو پاکستان کی معیشت اور میکرو اکنامک اشاریوں کو مستحکم کرنے کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کامیاب معاہدے کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔

وفاقی وزیر نے فِچ کے نمائندوں کو نئے پروگرام کی نمایاں خصوصیات سے آگاہ کیا، جس میں مالی سال 2025 میں ٹیکس محصولات کو جی ڈی پی کے 1.5 فیصد اور اگلے تین سالوں میں 3 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرنا شامل ہے، مالی سال 2025 میں جی ڈی پی کا ایک فیصد کا بنیادی سرپلس بھی حاصل کیا جائے گا۔

اس سے قبل 14 دسمبر 2023 کو فِچ نے پاکستان کی بیرونی کرنسی کی طویل مدتی ڈیفالٹ ریٹنگ کو ”ٹرپل سی“ پر برقرار رکھا تھا۔

فچ نے اکتوبر 2022 میں پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس سے فروری 2023 میں نیچے لاکر ٹرپل سی مائنس کردی تھی، جس کے بعد جولائی 2023 میں دوبارہ بڑھا کر ٹرپل سی کردی تھی۔

عام طور پر عالمی ریٹنگ ایجنسی ٹرپل سی پلس یا اس سے نیچے کی درجہ بندی والے خودمختاروں کو آؤٹ لک تفویض نہیں کرتا۔

پاکستان

Fitch Ratings

C Plus