Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

چیف جسٹس کو جان سے مارنے کی دھمکی پر ٹی ایل پی نائب امیر گرفتار

ڈیڑھ ہزار ٹی ایل پی کارکنوں کے خلاف بھی ایف آئی آر کٹ گئی
اپ ڈیٹ 29 جولائ 2024 05:39pm

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو قتل کی دھمکی دینے والے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے نائب امیر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نائب امیرٹی ایل پی ظہیرالحسن شاہ کو اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا، وہ اوکاڑہ میں نامعلوم مقام پر چھپے ہوئے تھے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے رہنما کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ٹی ایل پی کے نائب امیر پیر ظہیر الحسن شاہ کے خلاف لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے، عدلیہ پر دباؤ ڈالنے، اعلیٰ عدلیہ کو دھمکی، کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ساتھ ہی ڈیڑھ ہزار کارکنوں کے خلاف بھی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق پریس کلب کے باہر احتجاج سے پیر ظہیر الحسن نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی، ٹی ایل پی نائب امیر نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا سر لانے والے کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا، ٹی ایل پی کے نائب امیر سمیت 1500 کارکن پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس معاملے پر آج وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں مذہب کے نام پر خون خرابے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اس معاملے میں وضاحت کر چکی ہے مگر جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈا بدستور جاری ہے، ہم کابینہ کی جانب سے سب کو بتانا چاہتے ہیں کہ ریاست کسی کو قتل کے فتوے جاری کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر خدا نخواستہ ریاست نے یہ کھلی چھوٹ دی تو ریاست کا شیرازہ بکھر جائے گا، سوشل میڈیا میں عوام کو قتل پر اکسانے کی کوشش کی جارہی ہے اور انتہا پسندانہ پوسٹس سوشل میڈیا پر لگائی جارہی ہے، آپ ﷺ پر ہمارا ایمان ہے کہ وہ رحمت اللعالمین تھے اور وہ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر دنیا میں تشریف لائے اور یہ رحمت کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا جب تک کائنات قائم ہے۔

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

Supreme Court of Pakistan

Death threats

Chief Justice Qazi Faez Isa

Tehreek e Labaik Pakistan (TLP)