Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

بھارت میں ہندو لڑکی 3 بچوں کے باپ مسلمان کی دوسری بیوی بن گئی

ممبئی ہائی کورٹ نے گجرات پولیس کو کارروائی سے روک دیا، جوڑے کو مسلح گارڈز فراہم کرنے کا حکم
شائع 28 جولائ 2024 03:35pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

بھارت کے شہر احمد آباد کی ایک ہندو لڑکی نے ایک ایسے مسلمان کی دوسری بیوی بننا قبول کیا ہے جو تین بچوں کا باپ ہے۔ عدالت کے روبرو بیان دیتے ہوئے اِس ہندو لڑکی نے کہا ہے کہ اُس نے اپنی مرضی سے یہ شادی کی ہے، اُس پر کسی نے دباؤ نہیں ڈالا۔ ساتھ ہی ساتھ اُس نے عدالت سے تحفظ فراہم کرنے کی استدعا بھی کی۔

ممبئی ہائی کورٹ نے ممبئی پولیس کو حکم دیا ہے کہ 2 مسلح گارڈ ہر وقت اس جوڑے کے ساتھ رہیں۔ لڑکی کے والدین نے اُس پر زیورات چراکر لے جانے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ لڑکی نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ لڑکی کو خدشہ ہے کہ گجرات کی پولیس اُسے تحویل میں لے کر لے جائے گی۔

ممبئی ہائی کورٹ نے لڑکی اور اس کے مسلمان شوہر سے الگ الگ بات کی اور مطمئن ہوجانے پر ممبئی پولیس کو تحفظ فراہم کرنے کے احکام جاری کیے۔

جسٹس ریواتی موہتے اور جسٹس پرتھوی راج چَوَن پر مشتمل بینچ نے اس جوڑے کی دائر کی ہوئی پٹیشن کی سماعت کی۔ پولیس کی طرف سے اس جوڑے کو 8 اگست 2024 تک تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

ممبئی ہائی کورٹ نے احمد آباد کے نارول پولیس اسٹیشن کو بھی ہدایت کی کہ وہ درخواست گزاروں کے خلاف، سماعت مکمل ہونے تک، کوئی بھی ایسی ویسی کارروائی کرنے سے باز رہے۔ شوہر ممبئی کا رہائشی ہے۔ لڑکی نے اسلامی طریقے سے شادی کی ہے۔

اس جوڑے کی طرف سے ایم ایل کوچریکر اور محمد احمد شیخ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے وقت گجرات پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ 24 سالہ لڑکی کے والدین اور بھائی بھی عدالت میں موجود تھا۔

لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ 15 جولائی کو گھر سے نکلتے وقت اُس نے کوئی زیور نہیں لیا تھا۔ اس نے یہ بھی کہا کہ والدین چاہیں تو وہ اپنی طلائی زنجیر اور بُندے بھی واپس دینے کو تیار ہے۔ لڑکی نے چند دنوں کے لیے بھی گھر واپس جانے اور والدین کی طرف دیکھنے سے بھی انکار کردیا۔

Ahmedabad

MUMBAI HIGH COURT

HINDU GIRL

MUSLIM MAN