پاکستان، روس ریلوے نیٹ ورک کا اسٹریٹجک روڈ میپ کا خاکہ تیار
پاکستان نے روس کے ساتھ منسلک ہونے اور دونوں ممالک کو ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنے اور امریکی پابندیوں کے خطرے سے بچنے کے لیے تجارتی راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اسٹریٹجک روڈ میپ کا خاکہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی حکومت تین جہتی حکمت عملی تیار کر رہی ہے جس میں حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) فریم ورک اور پروجیکٹس، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) تعاون اور محفوظ تجارت کو یقینی بنانے کے طریقہ کار شامل ہیں۔ اس ضمن میں وزارت خارجہ نے اس تجویز کی توثیق کر دی ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ روسی اداروں کے ساتھ کاروبار کرنا، جو پہلے ہی پابندیوں کی زد میں ہیں، چیلنجز کا باعث بن سکتے ہیں۔ تاہم، اس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ترکی جیسے دیگر ممالک روس کے ساتھ مقامی کرنسیوں میں لین دین کر رہے ہیں۔
پلاننگ کمیشن میں ایک حالیہ میٹنگ کے دوران وزارت خارجہ کے حکام نے قابل عمل حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا جو جلد ہی روس کا دورہ کرنے والے اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ذریعے اختیار کیا جا سکے۔
اس موقع پر سیکرٹری ریلوے نے روس اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ روابط استوار کرنے کے لیے تین اہم ریل روٹس کا خاکہ پیش کیا۔
ان میں کوئٹہ تافتان ریل نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنا بھی شامل ہے کیونکہ جون 2024 میں مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں۔ دوسرے روٹ کے تحت، کوہاٹ-خرلاچی ریل نیٹ ورک مکمل فزیبلٹی اسٹڈی کے بعد افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ممالک سے منسلک ہو جائے گا۔
تیسرے روٹ کے لیے منیلک ایکسپریس ریکوڈک کو گوادر سے جوڑے گی تاکہ آذربائیجان اور روس کی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ یہ بحیرہ عرب کا ایک براہ راست اور قابل اعتماد راستہ ہے، جس سے معدنیات کی نقل و حمل کے اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔
Comments are closed on this story.