Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

حکومت کو وارننگ دے رہے ہیں دھرنے میں رکاوٹ نہ ڈالیں، روکا تو حالات خراب ہوں گے، حافظ نعیم

عوام ہر طرح کے حالات کے لیے تیار رہیں، امیر جماعت اسلامی
شائع 25 جولائ 2024 07:06pm

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے ہیں، ہم ان آئی پی پیز سے چٹھکارا چاہتے ہیں، حکومت کو وارننگ دے رہے ہیں کہ دھرنے میں رکاوٹ نہ ڈالیں، رکاوٹ ڈالی گئی تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم سب گرفتاری کے لیے بھی تیار ہیں، پاکستان کے عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، حکومت قوم سے قربانی مانگ رہی ہے مگر خود قربانی نہیں دے رہی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدہ کرنے والوں کے خلاف اور عوام کے حق میں دھرنا ہے ، پاکستان کے لوگ ان ظالمانہ حکمرانوں کو نہیں مانتے، عوام ہر طرح کے حالات کے لیے تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی سیاسی جماعت ہمارے دھرنے بھی شامل ہو گی ہم اسے ویلکم کہیں گے، کل ایک عظیم الشان دھرنا اسلام آباد میں ہونے جا رہا ہے، کل 25 کروڑ عوام کا دھرنا ہونے جا رہا ہے، بجلی کے بلوں میں اضافہ ہونے کی وجہ سے یہ دھرنا ہے، بجلی کے یونٹ پر اضافہ کے ساتھ ساتھ ٹیکسز کی بھرمار کر دی گئی ہے، بجلی کے بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، لوگ اپنی چیزیں اور زیور بیچ کر بل ادا کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں بھاری بھرکم ٹیکس لگا کر آئی ایم ایف کا ایجنڈا پورا کیا جا رہا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے امن و امان، صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کرے، اگر حکومت سہولتیں نہیں دے سکتی تو ٹیکس کیوں لگا رہی ہے؟

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی آئی پی پیز سے عوام کو چھٹکارہ دلانا چاہتی ہے، حکومت دھرنے کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کرے، حکومت نے اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا تو حالات خراب ہوں گے، چھاپے ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ورنہ تحریک پورے پاکستان میں پھیلا دیں گے، ہم پرامن لوگ ہیں پر امن دھرنا دیں گے کوئی گملہ نہیں ٹوٹے گا، انتظامیہ دھرنے کے شرکاء کو جگہ فراہم کرے، ہمارا دھرنا غریب متوسط طبقے کے حق میں ہے، حکومت ناجائز ٹیکس کے من چاہے فیصلے مسلط نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی گیس کے بلوں اور کھانے پینے کی اشیاء پر ٹیکس لگا رہے ہیں اور حکمران اپنی مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کا دھرنا تاریخی ہوگا نوجوان قافلے لے کر اسلام آباد کیلئے نکلیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کے معاہدے ختم کرکے فرانزک آڈٹ کیا جا ئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 77 سال میں سے 35 سال حکومت ن لیگ کے خاندان نے کی، مریم نواز نے سولرز اور دودھ کے صرف نعرے ہی لگائے یہ کسی کو کچھ نہیں دیں گے۔

Jamat e Islami

Islamabad Sit in

HAFIZ NAEEMUR REHMAN