Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جلسوں کا اعلان، پنجاب اور اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

جلسے جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد
شائع 25 جولائ 2024 05:01pm

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے، جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے بھی 26 جولائی کو جلسے کے حوالے خبردار کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں جلسے جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جس کا اطلاق جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک ہوگا۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ قیام امن، انسانی جانوں واملاک کےتحفظ کے لیے دفعہ 144 لگائی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے آسان ہدف ہوسکتا ہے، عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں کیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کی اپیل

26 جولائی کو اسلام آباد میں سیاسی جماعت کے جلسے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے جلسے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی، قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کاروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے، شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔

اسلام آباد

punjab

Section 144