Aaj News

بدھ, نومبر 13, 2024  
10 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار، ناتھا خان پل کا درمیانی حصہ دھنس گیا

شہر قائد میں شام اور رات میں مزید بوندا باندی کا امکان
شائع 24 جولائ 2024 11:03am

کراچی میں صبح سے ہی بادلوں کا راج ہے اور مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شارع فیصل پر ناتھا خان پل کا درمیانی حصہ دھنس گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔

کراچی میں صبح سے ہی مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری ہے جس سے گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری شدید گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔

کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل، آٸی آٸی چندریگر روڈ، گلستان جوہر، شارع فیصل، لیاری، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، صدر زینب مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ ایم اے جناح روڈ پر ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

شہر قائد میں شام اور رات میں بوندا باندی کا امکان

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد کا مطلع ابر آلود ہے، شام اور رات میں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود، موسم مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے جبکہ جنوب مغربی سمت سے 14 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سمندری ہوائیں چلنے سے حبس بھی ختم ہوچکا ہے

شارع فیصل پر ناتھا خان پل کا درمیانی حصہ دھنس گیا

دوسری جانب کراچی کی اہم شاہراہ فیصل پر سڑک کا کچھ حصہ دھنس گیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی کے علاقے شارع فیصل پر ناتھا خان پل کا درمیانی حصہ دھنس گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے درمیانے ٹریک کو بند کر دیا گیا، ٹریفک جام ہونے سے ڈرگ روڈ سے ایئر پورٹ جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

سڑک پر اندھیرے کے باعث متاثرہ پل پر کئی گاڑیوں کے ٹاٸر پھٹ گٸے، متاثرہ سڑک کی مرمت کاکام تاحال شروع نہیں کرایا جاسکا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، اعداد وشمار جاری

شہریوں کا کہنا ہے کہ پل کی تعمیر میں ناقص میٹیریل استعمال ہوا، کئی گاڑیاں آپس میں ٹکراتے ٹکراتے بچ گئیں۔

ادھر ٹریفک پولیس نے ناتھا خان پل سے ائیرپورٹ جانے والے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دے دیا، ٹریفک پولیس کے مطابق شاہراہ فیصل پر ناتھا خان برج کی اترائی پر سیکنڈ ٹریک پر 4 سے 5 فٹ روڈ دھنس گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کو نقصان سے بچانے اور ڈرائیوروں کی رہنمائی کے لیے سڑک کے متاثرہ حصے پر رکاوٹیں لگا کر اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہری شاہراہ فیصل کے پہلے اور آخری ٹریک پر سفر کرسکتے ہیں، متاثرہ سیکنڈ ٹریک کی مرمت کے بعد رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

karachi

Rain

Karachi Rain

shahrah e faisal

natha khan bridge