پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کے باہر روزانہ بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پارلیمنٹ کے اندر کیمپ لگانے کی اجازت نہ ملنے پر پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ روزانہ 3 سے 7 بجے تک علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ نے گرفتاریوں، چھاپوں، قیادت اور کارکنوں کے خلاف مقدمات پر آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کےباہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا، بھوک ہرتالی کیمپ میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ، اسد قیصر، علی محمد خان، فلک ناز چترالی، شیخ وقاص ، سینیٹر ہمایوں مہمند اور دیگر شریک ہوئے۔
میڈیا سے گفتگو میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے اسپیکر سے ملاقات کرکے تحفظات کا اظہار کیا، ہم نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو اٹھایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 3 سے7 بجے تک علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو بلا وجہ قید میں رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ فارم 47 کی حکومت مستعفی ہو کر انتخابات کروائے ، شفاف انتخابات سے ہی ملک بحرانوں سے نکل سکتا ہے، فارم 47 کی حکومت کو سہارا دیا جا رہا ہے، موجودہ حکومت کو بچانا ناممکن ہوچکا ہے، مہنگائی کی وجہ سے محںت کش کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج ہم نےعلامتی بھوک ہڑتال کی ہے، ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کیلئے جدوجہد کی ہے، ہماری علامتی بھوک ہڑتال جاری رہےگی، ہماری علامتی بھوک ہڑتال پورے ملک میں پھیلےگی۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں 2 سال سے فسطانیت کا دور چل رہا ہے، بانی پی ٹی آئی اوراہلیہ کو سیاسی بنیاد پر قید رکھا ہوا ہے، موجودہ حکومت نےعوام کو مسائل میں جھونک دیا ہے، ملک میں بےروزگاری بڑھے تو مسائل بھی بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو نماز کے بعد پرامن احتجاج کیا جائے گا، ہمارےکسی احتجاج میں ایک گملا نہیں ٹوٹا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مریم نواز نے عدلیہ سے متعلق توہین آمیز الفاظ بولے ہیں، ہم مریم نواز کے الفاظ کی مذمت کرتے ہیں، ان کو توہین عدالت کا نوٹس ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کے دفتر پر کس قانون کے تحت حملہ کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ حملہ کرکے ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا گیا، ملک کو طاقت کے زور پر چلایا جارہا ہے، حکمران ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں، بجلی کے بل ہر کسی کی برداشت سے باہر ہوگئے ہیں، ٹیکسز کی وجہ سےملک میں مہنگائی بڑھےگی، قانون اورآئین میں رہتےہوئےجدوجہدجاری رکھیں گے، تمام شہری جمعہ کو ہمارے احتجاج میں شریک ہوں۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری و قانونی حق ہے، حکمران جو کر رہے ہیں ان کو حساب دینا پڑےگا۔
علامہ راجہ عباس نے کہا کہ ہماری جدوجہد عوام کیلئے ہے، ہم اپنی آئندہ نسلوں کیلئےجدوجہد کررہے ہیں، نوجوانوں کومہنگائی وبےروزگاری کےخلاف نکلناہوگا، جمعہ کو ہم سب نے باہر نکلنا ہے، آئندہ جمعہ کو تاجر، ٹیچر، سول سوسائٹی کو دعوت دیتے ہیں۔
سردار ایاز صادق سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وفد نے ملاقات
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وفد نے ملاقات کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ کے اندر کیمپ لگانے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان خود بھی بھوک ہڑتال کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔
Comments are closed on this story.