Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Awwal 1446  

ریلوے پولیس نے ٹرین کے ذریعے جعلی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام بنادی

ملزمان جعلی کرنسی کے ساتھ ملتان سے کراچی کیلئے سفر کر رہے تھے
شائع 23 جولائ 2024 11:27am

ریلویز پولیس نے پاکستان ایکسپریس میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی پاکستانی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

پولیس نے 2 مسافروں سے 2 لاکھ 10 ہزار روپے کی جعلی پاکستانی کرنسی برآمد کرلی، برآمد کیے گئے نوٹوں میں 5 ہزار کے 36 اور 1000 والے 30 نوٹ تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان جعلی کرنسی کے ساتھ ملتان سے کراچی کیلئے سفر کر رہے تھے، ملزمان ساجد اور ذیشان کو ہیڈ کانسٹیبل قائم علی نے روہڑی کے قریب گرفتار کیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس روہڑی میں مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ 2 سال قبل کراچی میں جعلی کرنسی نوٹ کا کاروبار کرنے والے گرفتار دو ملزمان نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کیے تھے کہ ملزمان کا گروہ ڈالر، سعودی ریال، پاونڈز اور درہم کے جعلی کرنسی نوٹ بنا سکتا ہے، جبکہ بیشتر جعلی کرنسی نوٹ خصوصی روشنی میں بھی شناخت نہیں کئے جاسکتے۔

تفتیشی رپورٹ میں کہا تھا تھا کہ جعلی کرنسی نوٹ بنانے کا دھندہ پشاور سے چل رہا ہے اور گرفتار ملزمان عمران اور شہید اللہ خان نے جعلی کرنسی بنانے والے فیض اللہ کا نام بھی اگل دیا۔ ملزمان نے انکشاف کیا تھا کہ ملیر، سرجانی، کورنگی، نارتھ ناظم آباد اور لیاری میں جعلی کرنسی نوٹ فروخت کئے گئے۔

پاکستان

Pakistan Railways