Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

صدر مملکت کی کراچی میں اربن فلڈنگ کی روک تھام کیلئے جامع منصوبہ بنانے کی ہدایت

کراچی میں زیرِ زمین سرنگوں کے ذریعے سیلاب پر قابو پانے کی فزیبلٹی اسٹڈی 3 ماہ میں مکمل کرنے کے احکامات
شائع 22 جولائ 2024 11:00pm
فوٹو۔۔۔روئٹرز
فوٹو۔۔۔روئٹرز

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی میں سیوریج اور سیلابی پانی کے مؤثر انتظام کا جامع منصوبہ جلد تیار کیا جائے، عالمی معیار کے مطابق سیوریج سسٹم اپنانا ہوگا۔ شہر قائد میں زیرِ زمین سرنگوں کے ذریعے سیلاب پر قابو پانے کی فزیبلٹی اسٹڈی تین ماہ میں مکمل کی جائے۔

ایوان صدر میں آصف زرداری کی زیرِصدارت کراچی کو شہری سیلاب سے بچانے سے متعلق اجلاس ہوا، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ کراچی میں شہری سیلاب روکنے کیلئے جامع منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر تیار کرنا ہوگا، کراچی کو شہری سیلاب سے بچانے کیلئے حکومت ِسندھ پائیدار اور طویل مدتی حکمت عملی اپنائے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق سیوریج اور سیلابی پانی کے مؤثر انتظام کا نظام اپنانا ہوگا، کراچی میں زیرِ زمین سرنگوں کے ذریعے سیلاب پرقابو پانے کی فزیبلٹی اسٹڈی تین ماہ میں مکمل کی جائے، شہر قائد کو صاف ستھرا اور دنیا کے دیگر میٹروپولیٹن شہروں کے برابر لانے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹ کا افتتاح

اجلاس میں صدر مملکت کو عالمی آبی اور سیوریج مینجمنٹ ماہرین کی طرف سے جامع بریفنگ دی گئی، ماہرین نے کراچی میں شہری سیلاب اور سیوریج کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔

کراچی میں تقریباً 450 ملین گیلن یومیہ سیوریج پیدا ہوتا ہے، سیوریج اور بارش کا پانی چھوٹے اور بڑے کھلے نالوں میں جمع ہوتا ہے، نالوں کا موجودہ جال عام حالات میں تقریباً 50 فیصد بارش کے پانی کو جذب کرتا ہے، کراچی کے سسٹم کی جانب سے اضافی پانی جذب نہ ہونے سے شہری سیلاب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک ، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی ، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سینئر سرکاری افسران ، مقامی اور بین الاقوامی پانی کے انتظام کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔

karachi

Met Office

Rain

Pakistan Flood

President Asif Ali Zardari