Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہباز گل کے بھائی کی بازیابی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا وزیراعظم کو بذریعہ سیکرٹری کابینہ نوٹس جاری

سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس اور ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جولائی تک جواب طلب کر لیا گیا
اپ ڈیٹ 22 جولائ 2024 08:02pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کے لاپتہ بھائی محمد غلام شبیر کی بازیابی درخواست پر وزیراعظم کو بذریعہ سیکرٹری کابینہ نوٹس جاری کردیا۔ سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس اور ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جولائی تک جواب طلب کر لیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے لاپتہ غلام شبیر کے بیٹے بلال عبد اللہ کی جانب سے اپنے والد کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے ۔

عدالت نے غلام شبیر کی بازیابی درخواست پر اعتراض دور کرکے نمبر لگانے کی ہدایت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے شق وار جواب طلب کر لیا کہ لاپتہ غلام شبیر کہاں ہے؟

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ لاپتہ غلام شبیر کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا تھا کہ وقوعہ فیصل آباد کا ہے جس پر وکیل نے کہا کہ غلام شبیر کے لاپتہ ہونے کی ایف آئی آر لاہور کے تھانہ کاہنہ میں 15 جون کو درج کرائی گئی ، لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی تاہم لاپتہ شخص کے بھائی شہباز گل کو اطلاع ملی کہ غلام شبیر کو اسلام آباد میں رکھا گیا ہے۔

جس پر لاہور ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن واپس لے لی گئی اور اب اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے ۔کیس کی مزید سماعت 25 جولائی کو ہو گی۔ سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس اور ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جولائی تک جواب طلب کر لیا گیا ہے۔

shahbaz gill

Islamabad High Court