Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کا پہلی مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کرنے فرانزک ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی

پی ایف ایس اے ٹیم میں وقاص خالد، عابد ایوب اور علی رضا شامل ہے
شائع 22 جولائ 2024 12:54pm

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کی 3 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی جو لاہور میں درج 9 مئی واقعات کی تفتیش کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کا پہلی مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کرے گی۔

واضح رہے کہ لاہور پولیس کو عمران خان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل ہے۔ مذکورہ 3 رکنی پی ایف ایس اے کی ٹیم عمران خان سے کی گئی تفتیشی پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایف ایس اے ٹیم میں وقاص خالد، عابد ایوب اور علی رضا شامل ہیں، پی ایف ایس اے کی ٹیم گیٹ 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہو گئی ہے۔

اڈیالہ جیل پہنچنے والوں میں ڈی ایس پی جاوید، انسپکٹر رانا اکمل، رانا ارحم اور عالم لنگڑیال شامل ہیں ، انسپکٹر رانا منیر، انسپکٹر محمد علی بھی اڈیالہ جیل پہنچنے والے افسران میں شامل ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کا 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ، درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

واضح رہے کہ 15 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں عمران خان کا 10 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

عمران خان کا تھانہ سرور روڈ میں 5 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ دیا گیا، جب کہ تھانہ گلبرگ کے تین مقدمات میں اور تھانہ ریس کورس، مغلپورہ، شادمان اور تھانہ ماڈل ٹاؤن کے 1،1 مقدمے میں جسمانی ریمانڈ دیا گیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات بھی ہیں، پولیس نے بارہ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی پر اڈیالہ جیل میں ہی گرفتاری ڈالی تھی۔

12 جولائی کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر نہ کرنا ناانصافی ہوگی، چیف جسٹس

پاکستان

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Imran Khan Bushra Bibi