Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آئندہ ہفتے ملک کے کن کن شہروں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے

گرمی کے ستائے عوام کو محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی
اپ ڈیٹ 21 جولائ 2024 04:19pm

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔

21 جولائی کی شام سے27 جولائی کے دوران کشمیر میں وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

22 جولائی سے 25 جولائی کے دوران اسلام آباد راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

23 اور 24 جولائی کے روز بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ،کوٹ ادو، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے کن کن شہروں میں بارش ہونے والی ہے

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں 22 جولائی کی شام سے 24 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، اورکزئی، وزیرستان، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی چلنے اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں 23 اور 24جولائی کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے تاہم بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، زیارت، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور جعفر آباد میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ

سندھ میں 23 اور 24 جولائی کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور انتہائی مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ جبکہ مٹھی، سانگھڑ، عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں 22 سے 27 جولائی کے دوران دیامیر، استور، اسکردو، گلگت، گھانچے اور شگر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد اور تربت میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

23 اور 24 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

23 اور 24 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

شدید بارشوں، آندھی چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

مون سون بارشیں، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ مسافروں اور سیاح حضرات سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے موسم کے باری میں آگاہی حاصل کریں۔

تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران ’الرٹ‘ رہنے اور کسی نا خوش گوار واقعہ سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

پنجاب میں 22 سے 25 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں 22 سے 25 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا اسپیل 22 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو 25 جولائی تک جاری رہے سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 23 سے 24 جولائی کے دوران آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں، موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے، بارشوں کے دوران دریاؤں اور ڈیمز میں پانی کی صورتحال نارمل ہے، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

اسلام آباد

Met Office

Rain

heavy rains

rainy weather

Rain prediction

moon soon rain

HEAVY RAINS EXPECTED