Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم

ٹیوٹا اداروں میں مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے کا فیصلہ
شائع 21 جولائ 2024 09:35am

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (TEVTA) میپنگ پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ٹیوٹا اداروں میں مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، ٹیوٹا اداروں میں کورین، جاپانی، جرمن، چینی اور عربی لینگویج کورسز بھی متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔

انٹرنیشنل مارکیٹ میں اسکلڈ جاب کے لیے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا۔

دوران اجلاس لارج اسکیل کنسٹرکشن ڈویلپرز کے تعاون سے ہیوی مشینری ڈرائیونگ/ آپریٹر کورس کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 9 شہروں میں 45 ویلڈنگ ورک شاپس بنانے جبکہ گوجرانوالہ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، اٹک، ٹیکسلا، لیہ اور میانوالی میں ویلڈنگ اور کنسٹرکشن کورس کی جدید ترین لیب قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں ٹیوٹا میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کے لیے ایک ہزار ملازمین کو بھرتی کرنے کی تجویز پر اتفاق ہوا، پریکٹیکل ٹریننگ کے لیے ٹریننگ مٹیریل کی خریداری کے بجٹ کو بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور آئی جبکہ ٹریننگ مٹیریل کا ماہانہ بجٹ 2 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی تجویز دی گئی۔

دوران اجلاس اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

ٹیوٹا کے نئے کورسز میں بلڈنگ، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، ٹورازم، ہاسپٹلٹی،انفارمیشن کمیونیکیشن اینڈ ٹیکنالوجی، آٹوموبائل اسمبلنگ اورریپیئرنگ شامل فوڈ پروسیسنگ، بائیومیڈیکل ٹیکنالوجی، لائٹ انجینئرنگ، ری نیو ایبل انرجی، سرجیکل انسٹرومنٹ کی پروفیشنل ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی اور بے روزگاری کو کم کرنے میں ٹیکنیکل ٹریننگ کورسز میں جدت وقت کی ضرورت ہے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ انٹرن شپ، اپرنٹس شپس اور ملازمت کے حصول میں معاونت کے لیے معروف صنعتوں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں، پنجاب میں مضبوط فنی تعلیم کا ماڈل نظام بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیئرپرسن وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ، سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ساجد ظفر ڈال اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

cm punjab

Maryam Nawaz

lahore

Maryam Nawaz Sharif

Public Private Partnership

CM Punjab Maryam Nawaz

TOYOTA PROJECTS