فضل الرحمان سے اسمبلیاں تحلیل کرنے یا استعفوں پر کوئی بات نہیں کی، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کے دعوے کی تردید کردی ہے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ تحریک انصاف شفاف الیکشن کیلئے اسمبلیوں سے استعفے دینے کیلئے آمادہ ہے، جب کہ نئے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کو بھی تیار ہے۔
تاہم پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔
پی پی اور ن لیگ دونوں فارم 47 کی پیداوار ہیں، عمران خان، مذاکرات کا امکان مسترد
گوہر علی نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسمبلیوں سے نکلنے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفوں پر کوئی مشاورت ہوئی نہ ایسا کوئی فیصلہ ہوا۔
خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کامران مرتضیٰ کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے۔ کمیٹی پی ٹی آئی کی مشاورت سے حکمت عملی طے کرے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے اختلاف رائے ہے، پی ٹی آئی سے تلخیاں تھیں، پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جارہے ہیں، بانی تحریک انصاف عمران خان سمیت سیاستدانوں پر مقدمات نہیں بننے چاہیئں۔
Comments are closed on this story.