افغانستان کی مارکیٹ میں لگنے والی آگ بجھانےکیلئے پاکستانی فائر بریگیڈ پہنچ گئیں
پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے ملحقہ افغان علاقے ویش منڈی میں بیٹریوں کی دکانوں میں آگ لگ گئی، جس نے اسپیئر پارٹس کی 15 سے زائد دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے سرحدی حکام کا کہنا تھا کہ افغان شہر قندھار اور پاکستانی سرحدی علاقے چمن سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کیلئے متاثرہ مقام پر پہنچیں۔
ڈان نیوز کے مطابق افغان حکام نے بارڈر پر تعینات فرنٹیئر کور (ایف سی) حکام کے ذریعے ضلع چمن کے ڈپٹی کمشنر اطہر عباس راجا سے رابطہ کیا، ڈپٹی کمشنر چمن اطہر عباس راجا نے بتایا کہ پاک افغان سرحدی افغان علاقے ویش بارڈر پر لگی آگ پر قابو پانے کے لئے افغان حکام نے رابطہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کےلیے ضلع چمن سے فوری طور پر فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں روانہ کی گئیں۔
سرحدی حکام کے مطابق ویش مارکیٹ میں آگ کے باعث کروڑوں کا سامان جل گیا۔
Comments are closed on this story.