جسٹس مظہرعالم (ر) نےبھی ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرلی
جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹاٹرڈ مقبول باقر کے بعد اب جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے بھی سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مشیر عالم نے مبینہ طور پر منفی سوشل میڈیا مہم کے پیش نظر ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد سردار طارق اور مظہر عالم نے رضامند کا اظہار کیا تھا۔
اب اس معاملے پر نئی پیش رفت سامنے آئی ہے کہ جسٹس (ر) مظہرعالم نے بھی ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرلی۔
سپریم جوڈیشل کمیشن کی جسٹس (ر) طارق مسعود اور مظہرعالم کو ایڈہاک جج تعینات کرنے کی سفارش
واضح رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں چار ججوں کی ایڈ ہاک بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔ ایڈ ہاک ججوں کی تعیناتی کا فیصلہ زیرِ التوا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔
ججز کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود کو نامزد کیا تھا۔
علاوہ ازیں جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے سپریم کورٹ میں بطور ایڈہاک جج تعیناتی پر رضا مندی ظاہر کی تھی لیکن جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے تاحال رجسٹرار سپریم کورٹ کو جواب نہیں دیا۔
خیال رہے کہ کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے ایسے ججوں کو ایڈ ہاک بنیاد پر تعینات کیا جاسکتا ہے جنھیں ریٹائر ہوئے تین سال کا عرصہ نہیں ہوا ہے۔
اس سلسلے میں کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم خان میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود کے ناموں کی منظوری دی تھی۔
Comments are closed on this story.