Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

متحدہ عرب امارات سے ’قتل اور اقدام قتل‘ کے انتہائی مطلوب 9 پاکستانی گرفتار

ملزمان کی گرفتاری انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی
شائع 18 جولائ 2024 11:10am
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ایف آئی اے نے بیرون ملک سے سنگین جرائم میں مطلوب 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کئی سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔

حکام کے مطابق پولیس کو مطلوب ملزمان کی گرفتاری انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزمان میں عرفان اصغر، فرحان نزاکت، ثمر عباس، نجیب اللہ، صدام حسین، محمد رفیق، محمد ثاقب، محمد عثمان اور طارق محمود شامل ہیں۔

ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مختلف شہروں میں مقدمات درج تھے۔ ملزم طارق محمود گزشتہ 14 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا جبکہ ملزم محمد رفیق کے خلاف سال 2011 میں مقدمہ درج ہوا۔۔ ملزم نجیب اللہ سال 2014 جبکہ ملزم صدام حسین سال 2018 میں قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔

دیگر گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات سال 2020 سے 2023 کے دوران درج کئے گئے۔ گرفتار ملزمان میں سیالکوٹ پولیس کو 3، ڈی جی خان پولیس کو 2 ملزمان مطلوب تھے۔ جبکہ فیصل آباد، گجرانوالہ، پاکپتن اور بھکر پولیس کو 1،1 ملزم مطلوب تھا۔

قتل کر کے بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کو یو اے ای کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کو یو اے ای سے پاکستان منتقل کرنے کے لئے ٹیم روانہ کر دی گئی جنہیں لاہور ائرپورٹ پر پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

پاکستان

UAE

MANY ARRESTED