Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

امام حسینؓ نے ظلم کیخلاف آواز اٹھانے کا درس دیا، یومِ عاشور پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

آصف زرداری، شہباز شریف، مریم نواز، بلاول بھٹو سیمیت دیگر کا یوم عاشور پر اہم پیغام جاری
شائع 17 جولائ 2024 11:58am

یومِ عاشور کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا، انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا درس دیا، کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے ثابت کردیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کے لیے ہے۔

نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر ملک کے مختلف شہروں میں مجالس عزا ہو رہی ہیں اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔

صدر مملکت آصف زرداری

یومِ عاشور کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ حضرت امام حسینؓ کی میدان کربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے احیاء ، امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی شہادت میں امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ امام حسینؓ نے مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ حق بلند کیا، امام حسینؓ نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں پرثابت قدم رہنے کا درس دیا، امام حسینؓ اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں۔

ملک بھر میں یومِ عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

صدر مملکت نے مزید کہا کہ آپ نے دین کی خاطر جان اور اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا، آج اسلام امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے، آج کشمیری اور فلسطینیوں کو آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے ، واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے، ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، اس دن نواسہ رسولﷺ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا، امام حسینؓ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کردیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کے لیے ہے، امام حسینؓ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے، فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کے لیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں، فلسطینی قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت اپنے حقوق اور آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی انتہائی جابر اور غاصب قوتوں کے مظالم سہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس مشکل وقت میں ضروری ہے ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے، آج کے دِن ہمیں تجزیہ کرنا چاہیے کون سے عناصر خود غرضانہ مفادات کے لیے اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں فروعی، مسلکی، لسانی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور ایثار و قربانی، رواداری، اتحاد اور نظم و ضبط جیسے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔

محرم الحرام کے دوران سندھ سمیت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آئیے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانیوں سے درس حاصل کریں، آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں، اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ شاہ است حسین، بادشاہ است حسین“ نواسہ رسول، جگر گوشہ بتول، حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں کو سلام، اہل بیت سے محبت و تکریم ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، واقعہ کربلا اسلامی تاریخ کا گراں قدر اور تاریخ ساز باب ہے، حق حسین سے زندہ رہتا ہے اور باطل داغ ملامت لیکر مر جاتا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ حق وباطل کا معرکہ روز ازل سے برپا ہے مگر واقعہ کربلا سوز سے لکھا اور اشک بار آنکھوں سے پڑھا جاتا ہے ، حق کے لیے جینے اور حق کے لیے ہی مرنے والے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، حضرت امام حسینؓ نے ثابت کردیا حق کی سربلندی کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے گریز نہ کرنا مردان حق کا شیوہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھی حق اور سچ کی راہ پر چلنے والوں کے لئے مینارہ نور ہیں، حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں جرات و شجاعت کی بے مثال تاریخ رقم کی، آج غزہ میں بھی کربلا کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ داستان کربلا رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کو جرات وحوصلہ عطا کرتی رہے گی، یوم عاشور پر ہمیں حضرت امام حسینؓ کی روشن تعلیمات پرعمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں حضرت امام حسینؓ، شہدائے کربلا اور ان کے رفقاء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور رفقاء کی قربانی ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کا دیرینہ پیغام ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ دن ہم سب کے لیے حق، انصاف، اور صداقت کے اصولوں کو قائم رکھنے کی یادگار ہے، امام اور ان کے خاندان کے قربانیاں تمام انسانیت کے لیے روشنی کا چراغ ہیں، شہداء کربلا کی ظالم کے خلاف جدوجہد کی کہانی ہر مظلوم انسان کی درسگاہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ اور ان کا گھرانہ اسلامی اقدار کی حفاظت، انصاف، ہر ظلم کے خلاف کربلا میں لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، ان کا پیغام ظلم کے خلاف اتحاد، امن اور آہنگی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کی قربانی انتشار پسندی سے انکار کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، کربلا کا پیغام ہے کہ امت مسلمہ کو انتشار پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنے اہل و عیال اور اصحاب کے ساتھ حق کی خاطر جام شہادت نوش کیا، واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرازی و سربلندی کی عظیم ترین داستان ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ امام حسینؓ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، امام حسینؓ نے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی درس دیا ہے ، نواسہ رسول امام حسینؓ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکاکر دین اسلام کو زندہ رکھا، یہ دن ہمیں صبر و برداشت اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت صدائے انقلاب ہے جو ہر دور میں بلند ہوتی رہے گی، امام حسینؓ کی زندگی پیغام دیتی ہے کہ راہ حق میں آنے والی تمام آزمائشوں کو برداشت کرنا چاہیے، یزیدی قوتیں آج نئے روپ کے ساتھ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ سب کو امام حسین کی درخشاں تعلیمات پر عمل کرکے ان قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے، معرکہ کربلا پیغام دیتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار اور اصولوں کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاک وطن ہم سب سے گروہی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر باطل قوتوں کے خلاف یکجا ہونے کا تقاضا کر رہا ہے، شہدائے کربلاکی عظیم قربانی رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کوحوصلہ اور ولولہ عطاکرتی رہیں گی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ نواسہ رسولؐ اوران کے جانثاروں نے ثابت کردیا کہ یقین محکم اور مقصد نیک ہوتوراہ حق میں آنے والے مصائب کوئی حیثیت نہیں رکھتے، دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں اسوہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو بد ترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے، واقعہ کربلا غیر متزلزل ایمان، بے مثال تقویٰ اور شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے، واقعہ کربلا ہمیں صبر اور باطل قوتوں کے خلاف کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے، شہدائے کربلا کےجذبہ ایثار و قربانی پر عمل پیرا ہو کر مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے اور معصوم شہریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے، گزشتہ 9 ماہ سے اسرائیلی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، پاکستان آزاد فلسطین اور کشمیر کے قیام تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ نواسہ رسولؐ اور ان کے جانثاروں کو سلام عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔

Asif Ali Zardari

اسلام آباد

Asif Zardari

محرم

PM Shehbaz Sharif

President Asif Ali Zardari

Ashura 2024

MUHARRAM UL HARAAM

yom ashura