Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بنوں چھاؤنی اور ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران شہید پاک فوج کے 10 جوانوں کی نماز جنازہ ادا

انہیں مکمل فوجی اعزازکے ساتھ انکے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا جائے گا، آئی ایس پی آر
شائع 16 جولائ 2024 06:50pm

بنوں کنٹونمنٹ پر دہشتگردوں کے خود کش حملے اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

واضح رہے کہ بنوں چھاؤنی میں دہشت گردوں کے حملے میں 8 اہلکار جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کری شموزئی میں 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا کی نمازجنازہ ادا کردی اور انہیں مکمل فوجی اعزازکے ساتھ انکے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا جائے گا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مادرِ وطن سے دہشتگردی کی لعنت اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ بنوں چھاؤنی کے حملے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد (عمر: 44 سال، ساکن: ضلع پونچھ، آزاد جموں و کشمیر)، حوالدار ضلال، حسین (عمر: 39 سال، رہائشی: ضلع خوشاب)، حوالدار شہزاد احمد (عمر: 28 سال، رہائشی: ضلع نیلم، اے جے کے)، سپاہی اشفاق حسین خان (عمر: 30 سال، رہائشی: ضلع مظفر آباد) ، سپاہی سبحان مجید عمر: 22 سال، رہائشی: ضلع مظفر آباد، AJK)، سپاہی امتیاز خان (عمر: 30 سال، رہائشی: ضلع کرک)، سپاہی ارسلان اسلم (عمر: 26 سال، رہائشی: پاکستان آرمی کے ضلع بہاولپور) اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی (عمر: 34 سال، رہائشی: لکی مروت) شامل ہیں۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بناتے پاک فوج کے نائب صوبیدار محمد فاروق شہید (عمر 44 سال, ساکن ضلع نارووال) اور سپاہی محمد جاوید اقبال شہید (عمر 23 سال، ساکن ضلع خانیوال) شہید ہوگئے تھے۔

ISPR

پاکستان