Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

بنگلہ دیشی وزیراعظم کے ’چپڑاسی‘ کے اکاؤنٹ سے 400 کروڑ برآمد ہونے کا انکشاف

بنگلہ دیش کے مرکزی بینک کے فنانشل انٹیلی جنس یونٹ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی
شائع 16 جولائ 2024 03:05pm

بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کے سابق اردلی کے اکاؤنٹ سے 400 کروڑ روپے برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس انکشاف کے بعد بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے وزیر اعظم شیخ حسینہ کے سابق پرسنل اسسٹنٹ جہانگیر عالم، ان کی اہلیہ اور وزیراعظم سے متعلقہ کئی اداروں کے بینک اکاؤنٹس کو ضبط کرنے کا حکم دیا۔

ایک پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے کہا کہ ’وہ میرے گھر میں بطور چپڑاسی کام کرتا تھا اور اب وہ 400 کروڑ روپے کا مالک بن بیٹھا ہے۔‘

پریس کانفرنس کے بعد بنگلہ دیش بینک کے فنانشل انٹیلی جنس یونٹ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت جہانگیر عالم اور ان کی اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب جہانگیرعالم کا مؤقف سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں نہیں لگتا کہ وزیر اعظم ان کی طرف اشارہ کر رہی تھیں۔

ان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے کرپشن نہیں کی ’میرے تو پورے خاندان کے پاس اتنا پیسہ نہیں ہو گا۔ اور میرے پاس جو کچھ ہے میں نے ٹیکس فائل میں اس کا ذکر کیا ہے۔‘

تاہم اینٹی کرپشن کمیشن کے وکیل خورشید عالم خان کا کہنا ہے کہ ایک چپڑاسی یا پرسنل اسسٹنٹ کے پاس 400 کروڑ روپے نکلنا غیر معمولی ہے لہذا کمیشن اس کی چھان بین کر سکتا ہے۔

corruption

Bangladesh