پری میڈیکل کے طلبہ کیلئے انجینئرنگ پروگرام میں داخلے کی راہ ہموار
پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے پری میڈیکل مضامین کے ساتھ ایف ایس سی پاس کرنے والے طلبہ کو بی ایس انجینئرنگ پروگرام میں داخلہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ای سی نے پری میڈیکل کے طلبہ کو 8 ہفتوں کے مشروط پروگرام کو مکمل کرنے کے بعد بی ایس انجینئرنگ میں داخلہ لینے کی اجازت دی ہے۔
پی ای سی کے رجسٹرار ڈاکٹر ناصر محمود خان نے بتایا کہ حالیہ چند برس سے پہلے سے ہماری انجینئرنگ یونیورسٹیاں سالانہ تقریباً 30,000 انجینئرز پیدا کر رہی تھیں لیکن، آہستہ آہستہ اس شعبہ میں کمی کا سامنا ہے یہاں تک کہ ایک سال میں 10,000 کے قریب داخلوں میں کمی آئی ہے جبکہ بعض جامعات نے طلبہ کی کمی کی وجہ سے اپنے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو بند بھی کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ وائس چانسلرز اور ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ ناصر محمود خان نے کہا کہ جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس موسم خزاں کے داخلہ سیشن سے پری میڈیکل پس منظر کے حامل طلبہ کو شامل کریں۔
پی ای سی کے 11 جولائی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پی ای سی کی گورننگ باڈی نے 28 جون کو اپنی 49ویں میٹنگ میں ہائیر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس ایس سی) انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل کی اہلیت رکھنے والے طلبہ کو تمام انجینئرنگ میں داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔
Comments are closed on this story.