Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

محرم الحرام: کراچی میں جلوس کے راستے کنٹینر لگا کر سیل، ٹریفک پلان جاری

آج سے 10 محرم الحرام تک اورنج لائن اور گرین لائن بس سروس معطل رہے گی
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2024 10:28pm

کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے راستوں کو کنٹینر لگاکر سیل کردیا گیا جبکہ اس حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔

کراچی میں 8 محرم کے جلوس کی گزرگاہ کے اطراف گلیوں اور راستوں کو سیل کردیا گیا جبکہ کنٹینرز لگا کر بند کیے جانے والے راستوں میں ایم اے جناح روڈ، سولجربازار، صدر، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس اور کھارادر شامل ہیں۔

کراچی میں آج سے 10 محرم الحرام تک اورنج لائن اور گرین لائن بس سروس معطل رہے گی۔

کراچی میں آج نکلنے والے 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کیلئے فول پروف انتظامات کیے جارہے ہیں، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کی گزرگاہوں پر موجود دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔

عاشورہ پر موبائل فون سروس کہاں بند ہوگی اور کہاں کھلی رہے گی

آج 8 محرم کا مرکزی جلوس دن 12 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کی سیکیورٹی پر5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے اور 1500 سے زائد سندھ رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

8، 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوس کے لیے ٹریفک پلان جاری

دوسری جانب کراچی میں عوام کی سہولت کے لیے 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوس کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا اور جلوس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند ہو گا۔

ملک بھر میں 7 محرم کے جلوس کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات، موبائل فون سروس بند

ڈی آئی جی ٹریفک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 8، 9 اور 10 محرم الحرام کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کراچی کا ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند رہے گا جبکہ نیو ایم جناح روڈ، پریڈ اسٹریٹ سے بھی جلوس کے سوا کسی اور گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ان تینوں دن مرکزی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہو گا اور اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

کسی کو بھی جلوس کے روٹ پر گاڑی کھڑی کرنی کی اجازت نہیں ہو گی اور صرف ان گاڑیوں کو جلوس میں داخلے کی اجازت ہو گی جن کی ونڈ اسکرین پر جلوس میں شامل ہونے کا اسٹیکر چسپاں ہو گا۔

جلوس میں شامل ہونے کے لیے اسٹیکر والی گاڑیوں کو براستہ شاہراہ قائدین سوسائٹی لائٹ سگنل سے داخلے کی اجازت ہو گی۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری متبادل راستوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ ناظم آباد سے آنے والے افراد لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن سے ہوتے ہوئے منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔

لیاقت آباد سے آنے والے افراد تین ہٹی سے لسبیلہ چوک اور بائیں جانب مُڑ کر سینٹرل جیل(مارٹن روڈ) کی جانب جا سکتے ہیں۔

حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی جانے والے افراد کشمیر روڈ سے سوسائٹی لائٹ سگنل(شاہراہ قائدین) اور جیل فلائی اوور تین ہٹی سے نشتر روڈ(لسبیلہ چوک) جاسکتے ہیں۔

محرم الحرام: ملک بھر کے شعلہ بیان مقررین اور ذاکرین کا پنجاب میں داخلہ بند

شاہراہ فیصل سے شاہراہ قائدین(نورانی کباب) سے نمائش جانے والے افراد سوسائٹی لائٹ سگنل سے دائیں جانب کشمیر روڈ سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو سکتے ہیں۔

سینٹرل جیل گیٹ(جمشید روڈ) سے گرومندر، ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے والے افراد گرومندر سے بہاردر یار جنگ روڈ، سولجر بازار سے اپنی منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔

گارڈن چڑیا گھر سے ایم اے جناح روڈ جانے والے افراد انکل سریا سے دائیں جانب گل پلازہ اور بائیں جانب کوسٹ گارڈ ہولی فیملی ہسپتال سے اپنی مطلوبہ منزل پر پہنچ سکتے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا

ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹرک اور ٹرالر سمیت ہیوی ٹریفک کے لیے بھی متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ سپر ہائی وے سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جانے والا تمام ہیوی/کمرشل ٹریفک لیاقت آباد نمبر10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر2 کی طرف موڑ دیا جائے گا جو براستہ حبیب بینک فلائی اوور شیرشاہ سے ماڑی پور تک جاسکے گا اور یہی راستہ واپسی کے لیے بھی اختیار کیا جائے گا۔

نیشنل ہائی وے سے شہر کی طرف جانے والے تمام ہیوی/ کمرشل ٹریفک کو براستہ شاہراہ فیصل یا راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر، لیاقت آباد نمبر 10، ناظم آباد چورنگی نمبر2، حبیب بینک فلائی اوور کے راستے شیرشاہ سے ماڑی پور تک آنے کی اجازت ہو گی اور واپسی کے لیے یہی راستہ اختیا کیا جائے گا۔

کسی بھی قسم کی چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی اور اس تمام ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ، سولجر بازار کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

جلوس کے شرکا کے لیے راستہ

ناظم آباد سے آنے والے شرکا لسبیلہ، البیلا، گارڈن جماعت خانہ، سولجر بازار نمبر 3 سے لائٹ سگنل پہنچ کر نمائش جا سکتے ہیں۔

لیاقت آباد سے آنے والے تین ہٹی، جہانگیر روڈ اور پھر گرومندر سے ہوتے ہوئے نمائش چورنگی پہنچیں گے۔

اسی طرح سوسائٹی کے رہائشی لائٹ سگنل سے نمائش کی رہا لے سکیں گے جبکہ گلستان جوہر و گلشن اقبال کے رہائشی براستہ یونیورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی سے ہوتے ہوئے کشمیر روڈ سے سوسائٹی لائٹ سگنل پہنچ کر نمائش کی راہ لے سکتے ہیں۔

وہ تمام گاڑیاں جو سبیل یا نیاز یا تبرک تقسیم کرنے کے لیے جلوس میں شامل ہوں گی، ان گاڑیوں کا جلوس میں انٹری پوائنٹ صرف ٹاور میں میمن مسجد کے مقام پر ہو گا۔

اسلام آباد، راولپنڈی میں محرم کیلئے خصوصی سیکیورٹی پلان

اسلام آباد، راولپنڈی پولیس نے محرم الحرام کیلئے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا جبکہ پولیس اور رینجرز کے 16 ہزار سیکیورٹی اہلکارڈیوٹی انجام دیں گے۔

اسلام آباد میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، ممبران امن کمیٹی اور سیکیورٹی ماہرین کی مشاورت کے ساتھ سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی، 16 ہزار سے زائد رینجرز اور پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ ہوگی، جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔

جلوسوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی اور بلند بالا عمارتوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ جلوس کے راستوں کو خاردار تاریں لگاکر کڑی نگرانی کی جائے گی۔

راولپنڈی میں محرم الحرام کے دوران مجموعی طورپر447 جلوس اور 1925 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لیے 6 ہزار سیکیورٹی اہلکار و افسران ڈیوٹی فرائض انجام دیں گے، 59 حساس جلوسوں اور 274 حساس مجالس کے لیے خصوصی نفری تعینات کی جائے گئی، اسحلے کی نمائش اورلاؤڈ سپیکرکے استعمال پرپابندی کویقنی بنایا جائے گا۔

karachi

محرم

9th and 10th Muharram

MUHARRAM UL HARAAM