Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

ن لیگ سے حکومت نہیں چل رہی، ہم حکومت گرانا اور بنانا جانتے ہیں، آصف زرداری

آئی ایم ایف سے قرضے لے کر کیوں عوام سے امتحان لیا جارہا ہے، صدر مملکت
شائع 10 جولائ 2024 10:03pm

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ سے حکومت نہیں چل رہی، میں خود میدان میں آگیا ہوں، ہم حکومت گرانا اور بنانا جانتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول ہاؤس لاہور میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے مقابلے میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک مشکل میں ہے، ہم سب نے اسے مل کر بچانا ہے، میں خود میدان میں آگیا ہوں، ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب کی قیادت ایک دوسرے کو نکالنے میں لگی ہوئی ہے، میں اپنی جماعت پر تنقید کو ثواب سمجھتا ہوں، ایک سابق وزیراعظم میں میں کرتا تھا آج جیل میں بیٹھا ہے۔

آصف علی زرداری نے حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ سے حکومت نہیں چل رہی، آئی ایم ایف سے قرضے لے کر کیوں عوام سے امتحان لیا جارہا ہے، آپ آئی ایم ایف سے بات کیوں نہیں کرتے، آئی ایم ایف کو کمرے میں بٹھائیں اور ٹیبل ٹاک کریں۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ آپ سب تیار ہوجائیں ہم نے بہت کام کرنا ہے، ہم نوجوانوں کو آگے لائیں گے، پنجاب کی قیادت کیوں نوجوانوں کو موقع نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ پیپلز پارٹی ہی بہترین سیاسی رہنماؤں کو جنم دیتی ہے، میں نے ہمیشہ سیاست سکھائی ہے، میں نے پاکستان کی خاطر کھپے کا نعرہ لگایا، پیپلز پارٹی وہ ہی جماعت ہے جو غریب عوام کو روزگار دیتی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پنجاب میں تنظیم سازی کی رپورٹ مکمل کرکے فوری دیں،ہمیں ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرنی اس سے باہر نکلنا ہے۔

President Asif Ali Zardari