Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیر قانون کی آئی ایس آئی کو فون کالز اور پیغامات ’انٹرسیپٹ‘ کرنے کی اجازت دینے کی تصدیق

خفیہ ادارے کی جانب سے 18 یا اس سے زائد گریڈ کے افسران ہی کال ریکارڈ کرنے یا سننے کے عمل کے لیے نامزد کیے جائیں گے
اپ ڈیٹ 10 جولائ 2024 08:47am

وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی کابینہ کی جانب سے کال ٹریس کرنے کا اختیار ایجنسیوں دینے کی منظوری کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ اس میں لوگوں کی ذاتی پرائیویسی کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ پاکستانی حکومت نے ’قومی سلامتی کے مفاد‘ اور ’جرائم کے خدشات‘ کے پیش نظر فوج کے خفیہ ادارے (انٹرسروس انٹیلی جنس) آئی ایس آئی کو فون کالز اور پیغامات ’انٹرسیپٹ‘ کرنے کی اجازت دی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کیبنٹ ڈویژن کے ایک افسر نے اس نئی پیش رفت سے متعلق تصدیق کی اور بتایا کہ اس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری ہوچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 8 جولائی کو جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا کہ حکومت نے آئی ایس آئی کے افسران کو یہ اختیار پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن ایکٹ 1996 کے سیکشن 54 کے تحت تفویض کیا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی کے مفاد میں اور جرائم کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اسی نوٹی فکیشن کے مطابق خفیہ ادارے کی جانب سے 18 یا اس سے زائد گریڈ کے افسران ہی کال ریکارڈ کرنے یا سننے کے عمل کے لیے نامزد کیے جائیں گے۔

فون ٹیپنگ کا کوئی قانون موجود نہیں، جو ہو رہا ہے وہ غیرقانونی ہے، جسٹس بابر ستار

حکومتِ پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیرِاعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے ان کی اپنے وکیل سے گفتگو افشا کیے جانے کا معاملہ زیر سماعت ہے۔

اس معاملے کی سماعت کے دوران یہ معلومات بھی سامنے آئی ہیں کہ پاکستان میں ٹیلی کام کمپنیاں ’لا فُل انٹرسیپٹ مینیجمنٹ سسٹم‘ نامی ایک مخصوص نظام کے تحت خفیہ اداروں کو صارفین کا ڈیٹا فراہم کرتی ہیں۔

عدالت نے اس معاملے میں اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ اسے بتایا گیا ہے کہ ملک میں کام کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں نے پاکستانی خفیہ اداراوں کو اپنے دو فیصد (تقریباً 40 لاکھ) صارفین کے فون کال، میسجز اور دیگر ڈیٹا تک ’لافُل انٹرسیپٹ مینجمنٹ سسٹم‘ کے ذریعے رسائی دے رکھی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیلی کام کمپنیز کو سرویلینس کیلیے فون کال ، ڈیٹا کے استعمال سے روک دیا

عدالت نے اس معاملے میں اپنے حکم نامے میں یہ بھی لکھا ہے کہ پاکستانی حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عدالت کو بتایا تھا کہ کسی بھی ایجنسی کو نگرانی کی اجازت نہیں دی گئی اور حکومتِ پاکستان عدالت میں رپورٹ جمع کروائے کہ ’لا فُل انٹرسیپٹ مینیجمنٹ سسٹم‘ لگانے کا ذمہ دار کون ہے جو شہریوں کی نجی زندگی میں مداخلت کر رہا ہے۔

’صرف ایک ایجنسی کو اختیار دیا گیا‘

وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیر تارڑ کا وفاقی کابینہ کی جانب سے کال ٹریس کرنے کا اختیار ایجنسیوں دینے کی منظوری پر کہنا ہے کہ یہ کوئی نئی بات نہیں، دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایسا ہو رہا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسیز کو ڈیٹا تک رسائی کا قانون 1996 سے قابل عمل ہے، حکومت نے قومی سلامتی کے لئے اس قانون کے استعمال کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں، دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایسا ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں قانون کے مطابق ڈیٹا ٹریس کرتی ہیں، بجائے اس کے کہ دائرہ کار دیگر ایجنسیوں تک پھیلایا جائے، ایک ایجنسی کو اختیار دیا گیا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ اٹھارویں گریڈ کا افسر اس معاملے کو دیکھے گا۔

وزیر قانون نے کہا کہ کیا دہشت گردی کا ناسور یہاں موجود نہیں ہے؟ لوگوں کی ذاتی پرائیویسی کا بھی خیال رکھا جائے گا، یہ کوئی نیا کام یا انہونا کام نہیں ہوا ہے۔

isi

پاکستان

اسلام آباد

phone taping

Call Trace