Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیر اعظم کا نومنتخب ایرانی صدر کو ٹیلی فون، صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

ایران سے تجارت اور علاقائی سلامتی سمیت دو طرفہ تعلقات کو بڑھانا چاہتے ہیں، شہباز شریف
شائع 09 جولائ 2024 08:33am

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ٹیلی فون کرکے صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبار کباد دی اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور صدارتی انتخابات میں کامیابی پر انہیں دلی مبارکباد دی۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جمہوری عمل کے ذریعے نئے صدر کے انتخاب پر انہیں اور ایران کے عوام کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ برادر ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور روایات کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، توانائی اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر کی جگہ مسعود پزشکیان نئے صدر منتخب

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپریل 2024 میں مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر لیے گئے فیصلوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون پر مبنی شراکت داری کی ایک بہترین بنیاد رکھی تھی۔

دوسری جانب نومنتخب ایرانی صدر پزشکیان نے بھی دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امور پر تبادلہ خیال، قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

یہ ٹیلی فونک گفتگو پاکستان اور ایران کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اسلام آباد

Iran

PM Shehbaz Sharif

Iran Presidential Candidates

IRANI PRESIDENTIAL ELECTION

PRESIDENT ELECT OF IRAN

masoud pezeshkian