Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کے الیکٹرک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے پر توجہ دے، وزیرخزانہ

کے الیکٹرک سستی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے اپنے منصوبے کو تیز کرے، محمد اورنگزیب
شائع 08 جولائ 2024 07:01pm

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کے الیکٹرک کو پوسٹ آفس کے ذریعے جمع ہونے والے بلوں کی ادائیگیوں میں تاخیر کا معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ کے ای کی ٹیم کراچی میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے پر توجہ دے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیر کو کے الیکٹرک کے وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، اس ملاقات میں کے الیکٹرک کے نمائندوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ رواں سال کے شروع میں حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان طے پانے والے معاہدے نے سے بہت سے مسائل حل ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کے الیکٹرک اب اپنے انرجی مکس کو بہتر بنانے کے لیے نئے جنریشن پراجیکٹس پر عمل درآمد پر بھرپور طریقے سے کام کر رہا ہے۔

اس موقع پر کے الیکٹرک کے وفد نے وزیر خزانہ کے ساتھ پوسٹ آفس کے ذریعے جمع ہونے والے کے ای کے صارفین کے بلوں کی تاخیر سے ادائیگی کا مسئلہ اٹھایا جس پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے کے الیکٹرک کے وفد کو یقین دلایا کہ کے الیکٹرک حکام کو پوسٹ آفس کے ذریعے جمع ہونے والے بلوں کی ادائیگیوں میں تاخیر کا معاملہ حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کے ای کی ٹیم سے کہا کہ وہ کراچی میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے پر توجہ دیں اور سستی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے اپنے منصوبے کو تیز کریں، تاکہ بجلی کی قیمت کو کم کیا جا سکے۔

K Electric

Muhammad Aurangzeb