Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیئرمین پی سی سی سے ملاقات کیلئے گیری کرسٹن اور اظہر محمود لاہور پہنچ گئے، اہم فیصلے متوقع

محسن نقوی سے ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے
شائع 08 جولائ 2024 02:01pm

پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود لاہور پہنچ گئے، دونوں کوچز چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے۔

پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کا مستقبل کیا ہوگا، کپتانی کس کو سونپی جائے مشاورت کے لیے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اظہر محمود لاہور پہنچ گئے۔

جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے قومی وائٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود آج صبح براستہ دبئی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچے۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ ریڈ بال ٹیم کے کوچ جیسن گلیسپی بھی گزشتہ روز لاہور پہنچے تھے۔

دونوں کوچز کی چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔

ہیڈ کوچ گیری کرسٹن پہلے ہی ٹی 20 ورلڈکپ میں ٹیم پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بارے میں اپنی تفصیلی رپورٹ چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھجوا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور انٹرنیشنل کرکٹرز کو بھی آج مشاورت کے لیے بلایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے میگا ایونٹ کی بدترین کارکردگی پیش کی اور امریکا سے شکست کے بعد گرین شرٹس پہلے مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے۔

اس ناقص کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑی شدید تنقید کی زد میں ہیں اور شائقین پرفارمنس نہ دینے والے کرکٹرز کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

PCB

Pakistan Cricket Team

T20 World Cup

ICC T20 World Cup

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

t20 world cup 2024

gary kirsten

azhar mehmood

t20 worldcup 2024