Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مون سون کا آغاز، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

بارش کے باعث فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں کی بجلی معطل، ندی نالوں میں طغیانی، سڑکیں زیر آب آگئیں
اپ ڈیٹ 07 جولائ 2024 12:59pm

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مون سون کا دھواں دھار آغاز ہوگیا، مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئیں جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارش نے گرمی میں کمی کردی، بارش کی بعد حبس کی شدت میں بھی کمی واقع ہوگئی۔

تیز بارش کے ساتھ چلتی ہوا نے، بڑھتی حبس اور شدید گرمی کا زور توڑ ڈالا مگر بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی اور بجلی بندش شہریوں کو دوہرے عذاب میں مبتلا کر رہے ہیں۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، خان پور، فاروق آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن اور بورے والا میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

خان پور میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔

پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارش سے جل تھل، مشرقی سندھ میں مون سون ہوائیں آج داخل ہوں گی

فاروق آباد شہر اور گرد و نواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ وہاڑی میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی برسات، موسم خوشگوار ہوگیا، اہم شہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

پاکپتن شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا، متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے، بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ درگاہ بابا فرید کو آنے والی شاہراہیں ڈوب گئیں۔

بورے والا میں بارش نے شہر اور مضافات میں گلیاں اور محلے ڈبو دیے، بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر اور دیہات اندھیرے میں ڈوب گئے۔

پنجاب میں سب سے زیادہ بارش جھنگ میں 82 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، بہاولنگر میں 67، بھکر میں 61، راولپنڈی میں 40 اور فیصل آباد میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

حالیہ بارشوں اور تیز ہوائوں کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم کافی حد تک خوشگوار ہو گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

خیبرپختونخوا

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیدو شریف میں 11، تخت بائی میں 6، بالاکوٹ اور مالم جبہ میں 5 ملی میٹر بارش ر یکارڈ کی گئی۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالاکوٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، چترال، دیر، سوات، شانگلہ ، بٹگرام، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، ٹانک، خیبر، مہمند، باجوڑ،کرم ، لکی مروت، وزیرستان، بنوں اورڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 21 ڈگری سینٹی گریڈ اور سب سے زیادہ چترال میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔

بلوچستان

مون سون کی ہوائیں بلوچستان میں بھی داخل ہوگئیں، شمال مشرقی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اس سال معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جولائی کے دوران بارش کے دو تین اسپیل آئیں گے، اگست میں بلوچستان میں مون سون کی زیادہ بارشیں ہوں گی۔

ہرنائی

بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں پہاڑی سلسلوں میں بارش سے ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے سے ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

بارش کے باعث سیلابی ریلے سے ہرنائی سبی ریلوے سیکشن پر ٹرین کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

ریلوے حکام کے مطابق ہرنائی ریلوے سیکشن سناڑی کے قریب پٹڑی کو سیلابی ریلے سے نقصان بھی پہنچا۔

اسٹیشن ماسٹر کے مطابق ہرنائی سبی ریلوے سیکشن کی بحالی کے لیے کام شروع کردیا ہے۔

جنوبی وزیرستان

جنوبی وزیرستان میں بارش کے بعد برساتی نالے میں سیلابی ریلے کے باعث ٹریفک متاثر ہوگیا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے جہاں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا تو وہیں دانہ اعظم ورسک برساتی نالے میں سیلابی ریلہ کے باعث دونوں جانب ٹریفک متاثر ہوا اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ وانا کے اکثر مقامات میں بجلی سپلائی بھی بند ہے۔

کراچی

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

صبح سے چھائی کالی گھٹا ، رات گئے کراچی میں برس گئی

محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا جبکہ شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

بلوچستان

خیبر پختونخوا

punjab

Met Office

Rain

heavy rains

rainy weather