Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

چینی کارکنوں کے تحفظ کیلئے دیامر بھاشا اور داسو میں سیف سٹی قائم کئے جائینگے، وزیراعظم

چین سے معاہدوں میں عملدرآمد پر تعطل برداشت نہیں، نگرانی خود کروں گا، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 07 جولائ 2024 08:56am

** وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ دورہِ چین کے دوران طے شدہ معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، چین سے تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا۔**

پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے وزیراعظم نے دیامر بھاشا اور داسو میں سیف سٹیز قائم کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم زیر صدارت حالیہ دورہ چین میں طے پانے والے تعاون کے معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ جس میں شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے پاکستان کی ہر مشکل اور کڑے وقت میں مدد کی، چینی اعلیٰ قیادت نے پاکستانی وفد کے حالیہ دورے کے دوران مثالی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا، چین دنیا کی ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرا ہے، پاکستان چین کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مواصلات، معدنیات و کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، ان شعبوں میں پاک چین تعاون کے فروغ سے معاشی ترقی، علاقائی روابط کی مضبوطی اور دونوں مملک کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا حال ہی میں چینی جوتا ساز کمپنیوں کے ایک وفد نے پاکستان میں اپنے کارخانے منتقل کرنے کے حوالے سے پاکستان کا دورہ کیا، اس شعبے میں چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں 5 سے 8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی استعداد موجود ہے، پاکستان جوتا ساز کمپنیوں کی ایسوسی ایشن چینی کمپنیوں کے ساتھ ان کے کارخانے پاکستان میں منتقل کرنے کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہے، جب کہ زرعی شعبے کی 12 معروف چینی کمپنیاں رواں برس پاکستان میں منعقد ہونے والے فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو میں بھی بھرپور حصہ لیں گی۔

وزیرِ اعظم نے زرعی شعبے میں جدید تربیت کیلئے پاکستان سے ایک ہزار طلبہ کو سرکاری وظیفے پر چین بھیجنے کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا، شہباز شریف نے ہدایت کی کہ چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر چین بھیجا جائے، بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے طلباء و طالبات کو پروگرام میں خصوصی ترجیح دی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین میں جدید زرعی تربیت کیلئے طلہ کو آئندہ تعلیمی سمیسٹر سے ہی بھیجنے کا آغاز کیا جائے، اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے معاہدوں کے نتیجے میں 100 سے زائد چینی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے رابطے میں ہیں۔ ہواووے کی جانب سے 3 لاکھ طلباء کی فنی تربیت، کاروبار کی سہولت کیلئے ون اسٹاپ آپریشن اور اسمارٹ گورننس و اسمارٹ سٹی پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کا 1000 طلبہ کو زراعت کی جدید تربیت کیلئے چین بھیجنے کا فیصلہ

وزیرِ اعظم نے واپڈا کو داسو اور دیامر بھاشا پر چینی باشندوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے سیف سٹیز کے قیام اور ان منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دی۔ وزیرِ اعظم کو پاکستان میں چین کی جانب سے مختلف مواصلاتی ڈھانچے، بجلی اور گوادر میں منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

شہباز شریف نے گوادر کو خطے میں تجارتی راہداری کا مرکز بنانے کیلئے گوادر بندرگاہ، گوادر ہوائی اڈے اور گوادر صنعتی زون کی ترقی کیلئے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، عطاء اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

china

PM Shehbaz Sharif

pak china relation