Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نجکاری کے عمل پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیئے، اسحاق ڈار کا اپنی ہی حکومت سے مطالبہ

پی ٹی سی ایل کی نجکاری کا پرویز مشرف دور میں بے ہودہ معاہدہ کیا گیا، وزیر خزانہ
اپ ڈیٹ 05 جولائ 2024 11:53pm

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نجکاری کے عمل پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیئے، اداروں کی نجکاری کا عمل صاف و شفاف ہو گا، پی ٹی سی ایل کی نجکاری کا پرویز مشرف دور میں بے ہودہ معاہدہ کیا گیا، پاکستان اسٹیل کی نجکاری سے متعلق کمیٹی بنائی جائے۔

اسحاق ڈار

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سینیٹر علی ظفر نے جو سوال اٹھائے وہ اہم ہیں اور وزرا نے اس کا جواب دیا ہے، نجکاری کا عمل شفاف ہوگا، کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے چیئرمین ہونے کے ناطے میں ایسی کسی چیز کی اجازت نہیں دوں گا جو خلاف قانون ہوں کیونکہ جو عمل ہے جب وہ مکمل ہوجائے گا تو یہ کابینہ کمیٹی کے پاس آئے گا اور اس کا پوسٹ مارٹم ہوگا اور پھر یہ کابینہ میں جائے گا۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ نجکاری کا عمل ہمارا فرض اور اتحادیوں کا فرض ہے، پھر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے گا، علی ظفر نے 800 ارب ڈالر اور اسٹیل ملز کی بات کی، اس ایوان میں ان دونوں کے حوالے سے بات ہونی چاہیے، سیکڑوں ارب روپوں کا خسارہ ہوچکا ہے کیونکہ اسٹیل ملز کی نجکاری نہیں کی گئی تو کیا یہ ہمارا فرض نہیں ہے کہ اس پر گائیڈ کریں، اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ میں اس بات کا خیر مقدم کروں گا کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جو اس معاملے پر تحقیقات کی جائے۔

ججوں کی تنخواہ 10 لاکھ سے کم نہیں، وفاقی وزیر قانون

انہوں نے مزید بتایا کہ غزہ پر حکومت کا واضح مؤقف موجود ہے، ہر فورم پر پاکستان غزہ میں ہونے والی بربریت پر آواز اٹھا رہا ہے، اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ ہونا چاہیے، کل آستانہ میں وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کو مکمل طور پر سپورٹ کیا، ہم نے غزہ کے طالب علموں کو پاکستان کے میڈیکل کالجز میں تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔

اویس لغاری

قبل ازیں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ نجکاری کے بغیر کوئی راستہ نہیں اداروں کو ٹھیک کرنے کا۔

وفاقی وزیر نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کچھ وضاحت کرنا چاہتا ہوں، یہ قانون بننے سے پہلے بورڈ آف ڈائریکٹرز تعینات ہوئے تھے، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے اس حکومت میں کبھی نجکاری کا معاملہ پیش نہیں ہوا، ہمیں یقین ہے کہ نجکاری کے بغیر کوئی راستہ نہیں اداروں کو ٹھیک کرنے کا، ابھی ہم اس کا فریم ورک بنانے کے پروسس میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک قانون ہے نیپرا کا اس کے تحت ڈسٹریبیوشن کمپنی اپنے اثاثوں کا استعمال کسی اور مقصد کے لیے نہیں کرسکتی سوائے بجلی فراہم کرنے کے،

عطاء تاڑر

قبل ازیں وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان نے فلسطین کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑا اور وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو جواب دیا جائے اور اسرائیل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، اس ساری صورتحال میں پاکستان کا مؤقف تھا کہ 1967 کی جو سرحد ہے فلسطین کو اس کے تھت تسلیم کیا جائے جس کا دارالحکومت القدس ہو، فلسطین میں امدادی سرگرمیوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 1997 کے سروسز مینوئل کے تحت اشتہارا دیے جاتے ہیں مگر ایک پالیسی آئی تھی 2021 میں جس میں 2022 میں ترمیم کی گئی تھی، تو الیکٹرانک میڈیا کے لیے کوئی پیمانہ نہیں جس سے جانا جاسکے کہ کس کو کتنے اشتہارات ملے۔

وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ الیکٹرانک میڈیا کا اپنا سسٹم ہے ریٹنگ کا اس کے تحت فریکوئنسی طے کی جاتی ہے، اور ریٹس طے کیے جاتے ہیں، ایک ریٹس کمیٹی ہے جو طے کرتی ہے کہ کس چینل کو کس فریکوئنسی سے اشتہار دینا ہے اور جس ریٹ پر اشتہار دینا ہے اور اس وقت کسی بھی ٹی وی چینلز کے اشتہارات بند نہیں ہیں۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک کا ریٹنگ کا سسٹم اپنی جگہ موجود ہے اور نیوز پیپر میں آڈٹ بیورو آف سرکیولیشن ہے جو اس کو دیکھتا ہے، پچھلے 5 سال میں اخبارات کو 9 ارب کے اشتہارات جبکہ ٹی وی کو 6 ارب کے اشتہارات دی گئیں۔

فرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس کے ساتھ معاہدے کب تک، ان سے فی یونٹ بجلی کتنی مہنگی پڑ رہی ہے؟

عطا تارڑ نے کہا کہ بجٹ میں نیوز پرنٹ پر ڈیوٹی لگائی گئی تھی مگر ہم نے نیوز پیپر ایسو سی ایشن کے مطالبے پر اس کو ختم کردیا ہے۔

گورننس اینڈ آپریشنز ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور

بعد ازاں وفاقی وزیر قانون نے ریاستی ملکیتی ادارے گورننس اینڈ آپریشنز ترمیمی بل منظوری کے لیے سینیٹ میں پیش کردیا، پی ٹی آئی کی طرف سے بل کی مخالفت کی گئی۔

اعظم نذیر تارڑ نے بل سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اداروں میں جو ڈائریکٹرز کچھ نہیں کر رہے ان کو ہٹانے کے لیے یہ بل ہے، اداروں میں بیٹھے افراد کوئی قابلیت نہیں، کام نہیں کرتے ہیں، بل میں گڈ گورننس کے حوالے سے ترمیم ہیں۔

اسی کے ساتھ گورننس اینڈ آپریشنز ترمیمی بل ایوان نے کثرت رائے منظور کرلیا۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ یہ جو بل آیا ہے اس کے پیچھے مقصد کوئی اور ہے، بورڈ آف ڈائریکٹرز کی معیاد 3 سال تک محفوظ ہے، کسی وجہ پر انہیں نکالا جاسکتا ہے، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ بل قائمہ کمیٹی سے منظور ہوچکا ہے، علی ظفر کا کہنا تھا کہ بورڈ آف گورنرز کو ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، باس بل کے بعد جو حکومت آئے گی وہ گزشتہ حکومت کے بی او جی تبدیل کردے گی، اب یہ کچھ اداروں کو بیچ رہے ہیں جس کے لیے بل لایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کام کررہے ہیں ان کی جاب سیکیورٹی ہونی چاہیے، بورڈ آف گورنرز کے پاس تین سال کا وقت ہوتا ہے ، اس سے پہلے ہٹانے کے لیے شوکاز ہونا چاہیے، کارگردگی پر اگر ہٹانا ہے تو شواہد تو ہونے چاہیے۔

بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا۔

Ishaq Dar

Finance minister

اسلام آباد

senate

privatization

Senate of Pakistan