Aaj News

جمعہ, جولائ 05, 2024  
28 Dhul-Hijjah 1445  

پولیس نے اسلام آباد کو بڑی تباہی سے بچالیا، بارودی مواد برآمد

تھانہ شہزاد ٹاؤن میں پولیس افسران پر فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان
شائع 03 جولائ 2024 09:02am

وفاقی دارالحکومت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد کو بہت بڑی تباہی سے بچا لیا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران علاقہ تھانہ سنگجانی سے ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر اور خودکش جیکٹ کا سامان برآمد کرلیا جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جارہے ہیں، علاقہ تھانہ سنگجانی میں ایک آپریشن کے دوران کچھ ملزمان پولیس ٹیم کو دیکھ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

اسلام آباد کیپٹل پولیس کے مطابق پولیس نے علاقہ کو گھیر میں لے کر مزید نفری کی مدد سے تلاش شروع کردی۔

اسلام آباد: پولیس مقابلے میں 3 کار چور ہلاک، ساتھی خاتون زخمی حالت میں گرفتار

پولیس نے جائے وقوعہ سے کلاشنکوف، ہینڈ گرنیڈ ، ڈیٹونیٹر، تار اور خودکش جیکٹ کا سامان اپنی تحویل میں لیا۔

ترجمان کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا گیا جبکہ ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا جارہا ہے۔

ملزمان کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر آپریش جاری ہے جبکہ مزید تفتیش عمل میں لائی جارہی ہے۔

تھانہ شہزاد ٹاؤن میں پولیس افسران پر فائرنگ، 2 ملزمان گرفتار

دوسری جانب رات گئے اسلام آباد کے علاقے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں پولیس افسران پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں ساتھی ملزم کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

اسلام آباد پولیس ٹیم معمول کی پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ پر تعینات تھی، کیپٹل پولیس کے مطابق 3 موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک جانتے ہوئے پولیس نے چیکنگ کے لیے روکا تو 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔

ساتھی ملزم کی فائرنگ سے 2 ملزمان زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

گرفتار ہونے والے ملزمان دہشت گردی سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اسلام آباد

islamabad police