Aaj News

بدھ, جولائ 03, 2024  
26 Dhul-Hijjah 1445  

نیوی ڈاک یارڈ حملہ: 5 سابق نیوی افسران کی سزائے موت پرعملدرآمد روکنے کے حکم میں توسیع

میرے سامنے ایک ہی سوال ہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی وجوہات بتائی جائیں، جسٹس بابر ستار
شائع 01 جولائ 2024 12:42pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کراچی میں قائم نیوی ڈاکیارڈ پر حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں کورٹ مارشل کئے گئے پانچ سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی ہے۔

24 مئی 2014 کو نیوی ٹربیونل نے 6 ستمبر 2014 کو کراچی نیول ڈاک یارڈ پر حملہ کیس میں ملوث پاک بحریہ کے 5 افسران کو سزائے موت سنادی تھی۔

پاک بحریہ کے سابق افسران ارسلان نذیر ستی، محمد حماد، محمد طاہر رشید، حماد احمد خان اور عرفان اللہ نے کورٹ مارشل اور سزائے موت کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں، جن میں انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ جنرل کورٹ مارشل میں سزائے موت سنائی گئی لیکن وکیل کی معاونت فراہم نہیں کی گئی، ملزمان سے شواہد اور کورٹ آف انکوائری کی دستاویزات بھی شیئر نہیں کی گئیں، ان دستاویزات تک رسائی کے بغیر سزائے موت کے خلاف اپیل فائل کی گئی جو مسترد ہوئی۔

جسٹس بابر ستار نے پیر کو سزائے موت پانے والے سابق نیوی افسران کی درخواست پر سماعت کی، پاکستان نیوی کی جانب سے رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کی گئی۔

رپورٹ میں پاکستان نیوی نے بتایا کہ کورٹ مارشل کی کارروائی شیئر نہیں کی جا سکتی۔

جس پر جسٹس بابر ستار نے پاک بحریہ کے نمائندے سے استفسار کیا کہ آپ چاہتے ہیں میں فیصلہ کر دوں؟ پاکستان نیوی کے نمائندہ نے ہدایات لینے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ آپ کوئی وجوہات نہیں بتا رہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی؟ یہ بتانا کہ سزائے موت کیوں دی گئی یہ کوئی خفیہ مسئلہ نہیں، میرے سامنے ایک ہی سوال ہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی؟ وجوہات بتائی جائیں۔

بعد ازاں عدالت نے ہدایات لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

قبل ازیں، چار جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے پانچ سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا تھا جنہیں کراچی میں قائم نیوی ڈاکیارڈ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں کورٹ مارشل کیا گیا تھا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ درخواستگزار کے وکیل کے مطابق ان دستاویزات تک رسائی کے بغیر سزائے موت کے خلاف اپیل فائل کی گئی جو مسترد ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملزمان کے وکلا کو دستاویزات تک رسائی کا حکم دیا، عدالتی حکم پر وکلا کو دستاویزات تک محدود رسائی فراہم کی گئی، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کے مطابق دستاویزات تک رسائی کا اختیار چیف آف نیول اسٹاف کے پاس ہے۔

اس میں بتایا گیا کہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیف آف نیول اسٹاف سمجھتے ہیں کہ دستاویزات تک رسائی سے ریاست کے مفادات کو خطرہ ہوسکتا ہے، سوال یہ ہے کہ ریاست کے مفاد کو ایک شہری کے حق زندگی سے کیسے بیلنس کرنا ہے؟ آئین کا آرٹیکل 9 اور 10 اے شہریوں کو زندگی جینے کا حق اور فیئر ٹرائل کا حق فراہم کرتے ہیں، حق زندگی، فیئر ٹرائل سے متعلق سوال کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست کے زیر سماعت ہونے تک ملزمان کو پھانسی نہ دی جائے۔

حکم نامے کے مطابق فریقین چیف آف نیول اسٹاف کا مؤقف بمعہ وجوہات عدالت میں جمع کرائیں، بتایا جائے کہ چیف آف نیول اسٹاف کو دستاویزات تک رسائی ریاست کے مفادات کے برخلاف کیوں لگتی ہے؟ چیف آف نیول اسٹاف کا مؤقف تین ہفتوں میں عدالت میں سربمہر لفافے میں جمع کرایا جائے، کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے یکم جولائی 2024 کو مقرر کیا جائے۔

خیال رہے کہ 6 ستمبر 2014 کو کراچی کے ساحل پر قائم نیوی ڈاکیارڈ پر ہونے والے حملے میں ایک نیوی افسر شہید اور دو حملہ آور ہلاک ہوئے تھے، جس پر 24 مئی 2016 کو نیوی ٹربیونل نے مقدمے کی سماعت کے بعد حملے میں ملوث پاک بحریہ کے 5 افسران کو سزائے موت سنائی تھی۔

پانچوں نیول افسران کو دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق ثابت ہونے، بغاوت کرنے، سازش تیار کرنے اور ڈاک یارڈ میں ہتھیار لے جانے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور، پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کو ہائی جیک کرکے امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے دو حملہ آوروں کو ہلاک جبکہ چار کو گرفتار کرلیا تھا۔

تاہم وکیل صفائی کے مطابق مجرمان نے دعویٰ کیا تھا کہ نیوی ٹریبونل میں سماعت کے دوران انہیں وکیل دفاع فراہم نہیں کیا تھا اور مجرمان میں سے ایک کے والد نے نیوی حکام سے وکیل دفاع فراہم کرنے کی تحریری درخواست کی تھی جس کے جواب میں انہوں نے یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ یہ معاملہ سماعت کے دوران اٹھایا جائے گا۔

اس حوالے سے اٹارنی جنرل فرخ دل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا کہ کمانڈر سمیت سینئر نیول افسر کو اس کیس میں وکیل دفاع مقرر کیا گیا تھا۔

Islamabad High Court