Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

5 سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں توسیع

کراچی میں قائم نیوی ڈاکیارڈ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں کورٹ مارشل کیا گیا تھا
شائع 01 جولائ 2024 12:20pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 5 سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی جنہیں کراچی میں قائم نیوی ڈاکیارڈ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں کورٹ مارشل کیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سزائے موت پانے والے 5 سابق نیوی افسران کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

پاکستان نیوی کی جانب سے رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ کورٹ مارشل کی کارروائی شئیر نہیں کی جا سکتی۔

جسٹس بابر ستار نے پاک بحریہ کے نمائندے سے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں میں فیصلہ کردوں؟

پاکستان نیوی کے نمائندے نے ہدایات لینے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ آپ کوئی وجوہات نہیں بتا رہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی؟ یہ بتانا کہ سزائے موت کیوں دی گئی یہ کوئی خفیہ مسئلہ نہیں، میرے سامنے ایک ہی سوال ہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی؟ وجوہات بتائی جائیں۔

عدالت نے کورٹ مارشل میں سزائے موت پانے والے 5 سابق نیوی افسران کی سزا پرعملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی، جسٹس بابر ستار نے نیوی افسران کی درخواست پر حکم جاری کیا۔

بعد ازاں عدالت نے ہدایات لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ پاک بحریہ کے سابق افسران ارسلان نذیرستی، محمد حماد، محمد طاہر رشید، حماد احمد خان اور عرفان اللہ نے اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ جنرل کورٹ مارشل میں سزائے موت سنائی گئی لیکن وکیل کی معاونت فراہم نہیں کی گئی، ملزمان سے شواہد اور کورٹ آف انکوائری کی دستاویزات بھی شئیر نہیں کی گئیں، ان دستاویزات تک رسائی کے بغیر سزائے موت کے خلاف اپیل دائر کی گئی جو مسترد ہوئی۔

یاد رہے کہ 4 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے 5 سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا تھا جنہیں کراچی میں قائم نیوی ڈاکیارڈ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں کورٹ مارشل کیا گیا تھا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواستگزار کے وکیل کے مطابق ان دستاویزات تک رسائی کے بغیر سزائے موت کے خلاف اپیل فائل کی گئی جو مسترد ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملزمان کے وکلا کو دستاویزات تک رسائی کا حکم دیا، عدالتی حکم پر وکلا کو دستاویزات تک محدود رسائی فراہم کی گئی، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کے مطابق دستاویزات تک رسائی کا اختیار چیف آف نیول اسٹاف کے پاس ہے۔

اس میں بتایا گیا کہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیف آف نیول اسٹاف سمجھتے ہیں کہ دستاویزات تک رسائی سے ریاست کے مفادات کو خطرہ ہوسکتا ہے، سوال یہ ہے کہ ریاست کے مفاد کو ایک شہری کے حق زندگی سے کیسے بیلنس کرنا ہے؟ آئین کا آرٹیکل 9 اور 10 اے شہریوں کو زندگی جینے کا حق اور فیئر ٹرائل کا حق فراہم کرتے ہیں، حق زندگی، فیئر ٹرائل سے متعلق سوال کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست کے زیر سماعت ہونے تک ملزمان کو پھانسی نہ دی جائے۔

حکم نامے کے مطابق فریقین چیف آف نیول اسٹاف کا مؤقف بمعہ وجوہات عدالت میں جمع کرائیں، بتایا جائے کہ چیف آف نیول اسٹاف کو دستاویزات تک رسائی ریاست کے مفادات کے برخلاف کیوں لگتی ہے؟ چیف آف نیول اسٹاف کا مؤقف تین ہفتوں میں عدالت میں سربمہر لفافے میں جمع کرایا جائے، کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے یکم جولائی 2024 کو مقرر کیا جائے۔

واضح رہے کہ 24 مئی 2014 کو نیوی ٹربیونل نے 6 ستمبر 2014 کو کراچی نیول ڈاک یارڈ پر حملہ کیس میں ملوث پاک بحریہ کے 5 افسران کو سزائے موت سنادی تھی۔

یاد رہے کہ 22 اکتوبر 2019 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے کراچی میں قائم نیوی ڈاکیارڈ حملے میں ملوث مجرمان کے اہلِ خانہ کو ہدایت کی تھی کہ کسی قسم کا بھی ریلیف حاصل کرنے کے لیے نیول چیف کے پاس درخواست دیں۔

دورانِ سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل فرخ دل نے نشاندہی کی تھی کہ کیس ریکارڈ کی نوعیت حساس ہے اور اس کی تفصیلات فراہم کرنا قومی مفاد کے خلاف ہوسکتا ہے۔

نیوی ڈاکیارڈ حملہ

خیال رہے کہ 6 ستمبر 2014 کو کراچی کے ساحل پر قائم نیوی ڈاک یارڈ پر ہونے والے حملے میں ایک نیوی افسر شہید اور دو حملہ آور ہلاک ہوئے تھے جس پر 24 مئی 2016 کو نیوی ٹربیونل نے مقدمے کی سماعت کے بعد حملے میں ملوث پاک بحریہ کے 5 افسران کو سزائے موت سنائی تھی۔

پانچوں نیول افسران کو دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق ثابت ہونے، بغاوت کرنے، سازش تیار کرنے اور ڈاک یارڈ میں ہتھیار لے جانے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور، پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کو ہائی جیک کرکے امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے دو حملہ آوروں کو ہلاک جبکہ چار کو گرفتار کرلیا تھا۔

تاہم وکیل صفائی کے مطابق مجرمان نے دعویٰ کیا تھا کہ کو نیوی ٹریبونل میں سماعت کے دوران انہیں وکیل دفاع فراہم نہیں کیا تھا اور مجرمان میں سے ایک کے والد نے نیوی حکام سے وکیل دفاع فراہم کرنے کی تحریری درخواست کی تھی جس کے جواب میں انہوں نے یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ یہ معاملہ سماعت کے دوران اٹھایا جائے گا۔

اس حوالے سے اٹارنی جنرل فرخ دل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا کہ کمانڈر سمیت سینئر نیول افسر کو اس کیس میں وکیل دفاع مقرر کیا گیا تھا۔

Islamabad High Court

justice babar sattar

former navy officers