کراچی: پکنک پر جانے والی کوسٹر کو حادثہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق
کراچی میں پکنک منانے کے لیے ہاکس بے جانے والی کوسٹر خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، ماڑی پور کے قریب کوسٹر پلٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔
پکنک پر جانے والی بس کو حادثہ کراچی کے علاقے ماڑی پور نیو ٹرک اڈا گیٹ نمبر 6 کے نزدیک پیش آیا جہاں ٹریلر سے بچنے کی کوشش میں تیز رفتار کوسٹر ڈرائیور کے قابو میں نہ رہی اور فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جاں بحق افراد میں 3 بچے، 3 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔
حیدرآباد میں ٹرک بریک فیل ہونے پر گاڑیوں پر چڑھ دوڑا، 3 افراد جاں بحق
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ صغرا زوجہ غلام علی، 45 سالہ سعدیہ زوجہ احمد، 06 سالہ سکینہ دختر منظور عالم، 04 سالہ زینت دختر حیات، 10 سالہ کنزہ دختر احمد، 14 سالہ قدیر ولد عبدالجبار شامل ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والی ایک خاتون کی شناخت نہ ہوسکی۔
پولیس کے مطابق بس میں سوار افراد پکنک منانے ہاکس بے جارہے تھے، حادثے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
کراچی میں نجی کمپنی کی تیزرفتار بس دیوار سے ٹکراگئی، ایک ملازم جاں بحق
پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں ایک ہی خاندان کے 30 سے زائد افراد سوار تھے، جن کا تعلق عزیزآباد بھنگوریہ گوٹھ سے ہے، تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، متاثرہ خاندان عزیزآباد کا رہائشی ہے جبکہ بس میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی تھی۔
دوسری جانب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونےوالے سات افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، تمام افراد کو کراچی کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کا سبب بننے والے ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ ٹرالر کو تحویل میں لے لیا گیا۔
محمد بشیر کی میڈیا سے گفتگو
ماڑی پور روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے رشتے دار محمد بشیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عزیز آباد ہنگوریہ گوٹھ کے رہائشی ہیں، پکنک منانے جارہے تھے، 30 سے زیادہ لوگ بس میں سوار تھے، واقعے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، 7 مزید شدید زخمی حالت میں زیرعلاج ہیں۔
محمد بشیر نے کہا کہ میری گزارش ہے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، زخمیوں کو نجی اسپتال میں علاج کرایا جائے، ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہے اس کی گرفتاری کے لیے احکامات جاری کیے جائیں، اعلیٰ حکام کی جانب سے ہمارے ساتھ کسی نے رابطہ نہیں کیا
گورنر سندھ کا افسوس کا اظہار
سندھ کے گورنر کامران ٹیسور نے ماڑی پور میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی، انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
کامران ٹیسوری نے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس سے بس حادثہ سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زخمی افراد کو ہرممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا افسوس کا اظہار
سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ماڑی پور روڈ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے نقصان پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سول اسپتال، ٹراما سینٹر اور جناح اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کا بہترین علاج کرنے کی ہدایت کردی۔
مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ سے ماڑی پور ٹریفک حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کہ ٹریفک پولیس حادثات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
Comments are closed on this story.