Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

مختلف شہروں میں بارش، لاہور میں 6 بچوں کو کرنٹ لگ گیا، بدین میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق

عمر کوٹ میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی
اپ ڈیٹ 29 جون 2024 10:14pm

لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے لاہور میں مزید برسات کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور میں 6 بچوں کو کرنٹ لگ گیا، جب کہ کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ عمر کوٹ میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ جب کہ بدین میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

شہر کے جن علاقوں میں بادل کھل کر برسے ان میں مال روڈ ، جیل روڈ ، لکشمی چوک، علامہ اقبال ٹاون ، فیروز پور روڈ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

بارش کے بعد لاہور کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور شہر میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

برسات کے بعد موسم سہانا ہوا تو شہریوں نے بھی سکون کا سانس لیا۔ شہر کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں سیالکوٹ، پھالیہ اور دیگر میں بھی بارش ہوئی۔

لاہور میں بجلی غائب

لاہور میں بارش کے بعد متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔ گڑھی شاہو، علامہ اقبال روڈ، ایمپریس روڈ میں چار گھنٹے سے مسلسل بجلی بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر میں بجلی کی بندش سے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی۔

کرنٹ لگنے سے 6 بچےجھلس کر زخمی

لاہور میں بارش کے باعث کرنٹ لگنےسے چھ بچے جھلس کرزخمی ہوگئے۔ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کےمطابق چند رائے روڈ کوٹ لکھپت میں واقع ایک گھر کے کمرے میں بارش کے باعث اچانک کرنٹ آگیا، جس سے وہاں موجود چھ بچےکرنٹ لگنےکے باعث جھلس کرمعمولی زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے کمرے میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے کمرے میں موجود سارا سامان جل گیا۔

ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور بچوں کو فوری طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا۔ زخمی ہونے والے بچوں میں 14 سالہ اعجاز، 10 سالہ ایان، 10 سالہ عبدالرحمان ، 14 سالہ منیر، 13 سالہ امجد اور 14 سالہ عمر شامل ہیں۔

لاہور میں بارش، انتظامیہ متحرک

ڈی سی لاہور نے چوبرجی، قرطبہ چوک اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے کام کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور متعلقہ ایکسیئن نے ڈی سی لاہورکو بریفنگ دی۔

ڈی سی لاہور نے واسا کو نکاسی آب کے عمل میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا۔ اور لیسکو اور پی ایچ اے کو ایمرجنسی صورت حال کےلیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔

عمر کوٹ میں سیلابی صورتحال

عمرکوٹ میں موسلا دھار بارش کے باعث جل تھل ایک ہوگیا، شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، اور شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

بارش نے انتظامی دعوؤں کا پول کھول دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد انتظامیہ غائب ہے، اپنی مدد آپ کے تحت دکانوں سے پانی نکالا جارہا ہے۔

بدین میں آسمانی بجلی گر گئی

بدین میں پنگریو کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ گاؤں ناتھو خاصخیلی میں آسمانی بجلی گرنے سے تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 22 سالہ سائیں بخش کے نام سے ہوئی۔

یاد رہے کہ بدین میں گزشتہ روز بھی ایک شخص آسمانی بجلی گرنے کے باعث جاں بحق ہوگیا تھا۔

lahore

Met Office

Rain