کراچی گلستان جوہر میں ڈکیتی مزاحمت پرایک اور ماں کا لعل قتل
شہر قائد میں لٹیروں نے ایک گھر میں صف ماتم بچھا دی، موٹرسائیکل نہ روکنے پر 27 سالہ نوجوان نعمان کو گولی مار کر قتل کردیا۔ واقعہ گلستان جوہر کے علاقے بلاک 9 دبئی ہاؤس کے قریب پیش آیا۔
گلستان جوہر میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق نعمان چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 27 سالہ نعمان ولد محمد ریاض عرف بابو بھائی کے نام سے کی گئی، مقتول مکان نمبر LS-1 بلاک 2 گلستان جوہر کا رہائشی تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا تاہم علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کے وقت نعمان اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کر دی۔ اسی دوران موٹرسائیکل گشت پر معمور گلستان جوہر تھانے کہ اہلکار فائرنگ کی آواز سن کر موقع پر پہنچے تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مقتول کے والد محمد ریاض نے بتایا کہ 27 سالہ نعمان الیکٹریشین کا کام کرتا تھا اور 22 جون کو پولیس میں بھرتی کے لیے دوڑ کا امتحان دیا تو جس اس نے پاس کر لیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دوڑ کا امتحان پاس کرنے پر وہ بہت خوش تھا اسے پوری امید تھی کہ وہ پولیس میں میرٹ پر بھرتی ہو جائے گا۔
پولیس نے نعمان کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا،شہر قائد میں رواں سال لٹیرے اسی گھروں سے ان کے پیاروں کو ہمیشہ کے لیے چھین چکے ہیں،لواحقین کے لبوں پر ایک ہی سوال ہے کہ سفاک بھیڑیوں کی طرح گھومتے ہوئے لٹیروں کو کب لگام ڈالی جائے گی،شہر کی سڑکوں پر کب تک بے گناہ شہریوں کا خون بہتا رہے گا۔
Comments are closed on this story.