Aaj News

پیر, جولائ 01, 2024  
24 Dhul-Hijjah 1445  

دفتر خارجہ کی سینئر سفارتکار رضوان سعید کو امریکا میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کرنے کی تصدیق

عاصم افتخار کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا ایڈیشنل مستقل مندوب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ
شائع 28 جون 2024 03:35pm

ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے سینئر سفارتکار رضوان سعید کو امریکا میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کرنے کی تصدیق کردی۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے، امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے امریکی کانگریس نے زمینی حقائق کو جانے بغیر قرارداد منظور کی، امریکا سے ہمارے بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں۔

زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر رکھنا چاہتا ہے۔

علاوہ ازیں ترجمان دفتر ترجمان کے مطابق عاصم افتخار کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا ایڈیشنل مستقل مندوب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عاصم افتخار فرانس میں پاکستان کے سفیر تھے، وہ مناسب وقت پر مستقل مندوب کا عہدہ سنبھالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تقرریوں کا اعلان معمول کے مطابق ہے، یہ تعیناتیاں متعدد ہفتوں سے زیر غور تھیں۔

پاکستان